جلد ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے، اعظم سواتی

 وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا کہ ریلوے کی بہتری کےلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جلد ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے، ریلوے کی بحالی میں فریٹ کا اہم کردار ہے اور کوشش ہے کہ چند ماہ میں فریٹ انکم کو دوگنا کریں، اگر ریلوے کی آمدن کو نہ بڑھایا گیا تو خدشہ ہے کہ اس کا حال بھی سٹیل مل جیسا ہو جائے گا، ہفتہ کوکراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ ریلوے کی زمینوں پر قبضے ختم کرائے جائیں گے اور ریلوے ملازمین کےلئے رہائش کےلئے ٹاورز تعمیرکئے جائیں گے، جس کےلئے اب کام سالوں میں نہیں دنوں اور مہینوں میں شروع ہو گا، انہوں نے کہا کہ ہمارا قبلہ درست کرنا عوام اور میڈیا کا کام ہے، آپ نے مجھ پر میرے آفیسرز اور دیگر تمام عملے پر نظر رکھنی ہے، آپ ہی ہماری غلطیوں کی نشاندہی کرنی ہے اور درست راستے دکھانا ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے کاروبار اور جائیداد پر سوالات کئے جاتے ہیں جبکہ میرا پاکستان میں کوئی کاروبار نہیں ہے، سارا بزنس امریکہ میں ہے، وہاں تیل کا بزنس کرتا ہوں اور پاکستان میں رقم لے کر آتا ہوں جبکہ وزارت کے ہوتے ہوئے بھی کسی بھی نجی دورے یا دوسرے شہر جانے کےلئے اپنی ذاتی گاڑیاں استعمال کرتا ہوں، تمام دیگر اخراجات بھی خود سے پورے کرتا ہوں، ایک روپیہ بھی وزارت کی طرف سے نہیں لگاتا ہوں، انہوں نے کا کہ میں خود کو احتساب کےلئے عوام کے سامنے پیش کرتا ہوں اور کوئی بھی میرے حوالے سے چیزیں ہوں تو میں جواب دینے کےلئے تیار رہوں گا۔

ای پیپر دی نیشن