ملتان(سپورٹس ڈیسک)ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 388 رنز کا ہدف دیدیا۔ انگلش ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 30 رنز بنا لئے اور اسے جیت کے لئے 358 رنز درکار ہیں۔ زیک کرالی 22 اور حسیب حمید 8 رنز کیساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ہفتہ کو سڈنی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 294 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اسے 122 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ جونی بیئرسٹو نے 113 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ جیک لیچ 10 اور سٹورٹ براڈ 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی طرف سے سکاٹ بولانڈ نے چار جبکہ پیٹ کمنز اور نیتھن لائن نے2۔2وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت دوسری اننگز 265 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر کے انگلینڈ کو جیت کیلئے 388 رنز کا ہدف دے دیا، عثمان خواجہ نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ ان کی مسلسل دوسری سنچری ہے۔ انگلینڈ کی طرف سے جیک لیچ نے چار اور مارک ووڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ نے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 30 رنز بنا لئے ہیں اور اسے جیت کیلئے 358 رنز درکار ہیں۔
آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 388 رنز کا ہدف دیدیا
Jan 09, 2022