لاہور‘ گوجرانوالہ، شیخوپورہ‘ ننکانہ‘ قصور‘ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) ایشیا کی سب سے بڑی بار لاہور بار ایسوسی ایشن کی صدارت کا تاج حامد خان گروپ کے امیدوار رائو سمیع نے اپنے سر سجا لیا۔ انہوں نے 4431 ووٹ حاصل کئے جبکہ انکے مدمقابل عاصمہ جہانگیر گروپ کے فرہاد شاہ 2270 ووٹ حاصل کر سکے۔ نتائج کے مطابق سیکرٹری جنرل کی نشست عمار یاسر نے 1557 ووٹ لیکر اپنے نام کر لی اور سیکرٹری کی نشست پر شاکر علی چاہل 1376 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ سینئر نائب صدر کی نشست خرم میر نے 2179 ووٹ اور نائب صدر کی نشست احسن نواب 1777ووٹ لیکر اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے۔ نائب صدر ماڈل ٹائون کی نشست عظمت ضیاء سندھو نے حاصل کی انہوں نے 3262 ووٹ حاصل کئے۔ انکے مد مقابل ہادی بھٹی نے 3154 ووٹ حاصل کئے۔ فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر ملک جواد اعوان نے 2949 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔ انکی مدمقابل طاہرہ شاہین 1995 ووٹ لینے میں کامیاب ہوئیں۔ نائب صدر کینٹ کی سیٹ پر سخت مقابلہ ہوا تاہم 3104 ووٹ لیکر شفقت امین سندھو سیٹ اپنے نام کرنے میں کامیاب ٹھہرے۔ انکے مدمقابل فرخ خان نے 3093 ووٹ لئے۔ زمان جعفر ڈوگر 2285 ووٹ لیکر جوائنٹ سیکرٹری بن گئے۔ عاطف بھٹی2201 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ لائبریری سیکرٹری کی نشست 4645 ووٹوں کے ساتھ صوفی عتیق نے اپنے نام کر لی۔ انکی مد مقابل ثمینہ کھوکھر 1941 ووٹ حاصل کر سکیں۔ دس نشستوں پر مجموعی طور پر 38 امیدوار مدمقابل تھے،چیئرمین الیکشن بورڈ لاہور بار ایسوسی ایشن چوہدری عمران مسعود نے نتائج کا اعلان کیا۔ آڈیٹر کی سیٹ پر طاہر اقبال منہاس بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ انتخابات میں چھ پولنگ بوتھ قائم کئے گئے،خواتین کا الگ پولنگ بوتھ بنایا گیا تھا، ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کی گہما گہمی ماند پڑ گئی تھی لیکن گذشتہ روز اس کے الٹ تھا۔ صدر لاہور بار کی نشست پر فرہاد علی شاہ اور راؤ سمیع میں ون ٹو ون مقابلہ تھاجبکہ نائب صدر لاہور بار کی سیٹ پر دس امیدوار جن میں احسان نواب، الیاس حبیب چوہان، آصف امین، خرم میر، سجاد بٹ، سعید احمد قادری، عائشہ محمود، علی عثمان، ملک جہانگیر اور میاں اسد نثار مد مقابل تھے۔ نائب صدر ماڈل ٹاون سیٹ کے لیے عظمت ضیا سندھو اور ہادی حسین بھٹی، نائب صدر کینٹ سیٹ کے لیے شفاقت امین سندھو اور فرخ احمد خان مدمقابل تھے جبکہ لاہور بار سیکرٹری سیٹ کے لیے گیارہ امیدوارجن میں کاشف چودھری، شاکر چاہل، رانا عمران سرور، جاوید ہاشمی، رانا حسنین منج، عزیر عالم چودھری، عمر وقاص وڑائچ اور جوائنٹ سیکرٹری سیٹ کے لیے زمان جعفر ڈوگر، عاطف کمال بھٹی اور وسیم احمد ملک مد مقابل تھے۔ فنانس سیکرٹری کے لیے طاہرہ شاہین ڈھلوں، محمد زوہیب خان اور ملک جواد اعوان میں مقابلہ ہوا۔ لائبریری سیکرٹری سیٹ کے لیے ثمینہ کھوکھر اور صوفی عتیق اے خان کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہوا۔ ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات میں خرم شہزاد ورک صدر اورچودھری ذوالقرنین ڈوگر جنرل سیکرٹری جبکہ دیگر عہدیداروں میں نائب صدر کیلئے مرزا فاروق زاہد اور فنانس سیکرٹری حسین عمران اشرف کامیاب ہو گئے۔ خرم شہزاد ورک 1056 اور سید اظہر حسین شاہ کھگہ نے 544 ووٹ لئے۔ جنرل سیکرٹری کیلئے چار امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔ ذوالقرنین ڈوگر 672 ‘ کلیم اللہ بھٹی 497‘ محمد سرور سلطان گجر405 اور ثاقب جاوید 25 ووٹ حاصل کرسکے۔ نائب صدارت کیلئے محمد شبیر گل 631 جبکہ مرزا فاروق زاہد نے 924 ووٹ حاصل کئے۔ فنانس سیکرٹری کیلئے حسین عمران اشرف 840 اور محمد فیصل حنیف خان 729 ووٹ لے سکے۔ کامیاب امیدواران کے حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور منوں پھولوںکی پتیاں نچھاور کرنے کے علاوہ منوں مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔ خرم شہزاد ورک کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر رانا سیف اللہ ایڈووکیٹ، عظمت حسین سدھو، میاں لیاقت علی ایڈووکیٹ، سجاد باقر ڈوگر ایڈووکیٹ، چودھری خرم ریاض کاہلوں ایڈووکیٹ، چودھری تنویر احسن ورک ایڈووکیٹ، محسن اعجاز گورایہ، حافظ ارسلان خالق، وارث شاہ لائرز فورم کے صدر سیٹھ افتخار علی طیب ایڈووکیٹ سمیت وکلاء کی بڑی تعداد مبارکباد دینے کیلئے کیمپ آفس پہنچ گئے۔ جہاں پر کامیاب ہونے والوں نے شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے۔شیخوپورہ بار کی تاریخ میں چوہدری خرم شہزاد ورک ایڈووکیٹ سب سے کم عمر صدر اور سب سے زیادہ مارجن کے ساتھ صدر منتخب ہوئے جنکی لیڈ 512بتائی گئی ہے۔ انکی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی حامی وکلاء نے انہیں کندھوں پر اٹھا لیا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ ڈسٹرکٹ بار اور انکے انتخابی کیمپ میں جش کا سماں پیدا ہو گیا جبکہ اپنی کامیابی کا اعلان ہوتے ہیں۔ نو منتخب صدر چوہدری خرم شہزاد ورک خدا کے ہاں سجد ہ ریز ہو گئے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وکلاء برادری نے جس بھر پور اعتماد کے ساتھ انہیں کامیاب کروایا ہے وہ انکی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ وکلاء برادری کے انفرادی اجتماعی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ قانون کی بالا دستی ، آئین کی حکمرانی، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی بار اور بنج کے مابین خوشگوار تعلقات کے قیام، کالے کوٹ کے تقدس کی بحالی، مظلوم کی امداد، ظالم کی بیخ کنی انصاف کی بروقت فراہمی کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں اور توانائیوں کو بروئے کار لائیں گے۔ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب کے سالانہ2022ء انتخابات میں محمد امین بھٹی گروپ نے میدان مار لیا۔ نومنتخب صدارت کے امید وار رانا محمد اعظم نے 385ووٹ حاصل کرکے 62 کی لیڈ سے جیت گئے جبکہ ان کے مدمقابل رانا مجیب افضل 323ووٹ حاصل کرکے پیچھے رہے۔ جبکہ جنرل سیکرٹری علی احمد نول نے 364ووٹ حاصل کئے اور اس کے مدمقابل رائے رضوان کھرل نے 347ووٹ حاصل کئے۔ نومنتخب نائب صدر رائے آصف کھرل 438 ووٹ لیکر 173 کی لیڈ سے آگے رہے جبکہ ان کے مد مقابل رائے نصیر احمد کھرل ایڈووکیٹ نے 265ووٹ لیکر پیچھے۔ نو منتخب جوائنٹ سیکرٹری شیخ علی رضا ایڈووکیٹ 338 ووٹ لیکر 25 کی لیڈ سے جیت گئے۔ جبکہ ان کے مد مقابل رائے کلیم اللہ نصیر کھرل ایڈووکیٹ 363 ووٹ لیکر پیچھے رہے۔ نومنتخب فنانس سیکرٹری محمد عمران جنگ شیر بخاری ایڈووکیٹ378 ووٹ حاصل کر کے 67 کی لیڈ سے کامیاب رہے جبکہ ان کے مد مقابل رائے کلیم اللہ کھرل ایڈووکیٹ 311 ووٹ لیکر پیچھے رہے۔ نومنتخب لائبریری سیکرٹری مرزا جاوید اقبال ایڈووکیٹ 376 حاصل کر کے 52 کی لیڈ سے آگے رہے جبکہ ان کے مدمقابل رائے عظمت علی کھرل ایڈووکیٹ نے 327 ووٹ حاصل کئے۔ نو منتخب آڈیٹر خضر حیات چھٹہ ایڈووکیٹ 343 ووٹ لیکر 95 کی لیڈ سے آگے رہے جبکہ ان کے مدمقابل مرزا محمد عمران ایڈووکیٹ 248 ووٹ لیکر پیچھے رہے۔ کل714 وکلاء نے ووٹ کاسٹ کیا۔ جیتنے والے امیدواروں اور ان کے حامیوں نے اپنی جیت کا خوب جشن منایا۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور کے انتخابات 2022 مکمل ہوگئے۔ چیئرمین الیکشن بار چوہدری خالد لطیف کے مطابق مہر حافظ علی شان906 جنرل سیکرٹری بار منتخب جبکہ اسکے مدمقابل مہر محمد عمران 648 ووٹ حاصل کر سکے اور نائب صدر کے لئے جواد اقبال نے871 جبکہ انکے مخالف جنید اقبال نے 681 ووٹ لئے اور جوائنٹ سیکرٹری پر محمد ظفر آزاد نے 978 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ اسکے مدمقابل مہر احسن اقبال نے صرف 566 ووٹ لئے اور اسی طرح فنانس سیکرٹری کے لئے چوہدری حسیب احمد نے 806 ووٹ لیکر منتخب ھونے اور اس کے مخالف صغیر احمد خاں نے 737 اور لائبریری سیکرٹری مہر حافظ عمر حیات نے 828 ووٹ لئے اور اس کے مدمقابل محمد کلیم خاں نے 722 ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ پنجاب بار کونسل متفقہ صدارت کے لئے محمد سیلم مہر کو پہلے چھ ماہ کے لیے صدر نامزد اور مرزا نسیم الحسن اگلے چھ ماہ کیلئے صدر نامزد ہو چکے ہیں۔ اسلام آبادڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں وکلاء کے مابین بدنظمی پر پولنگ بند کرتے ہوئے ملتوی کردی گئی۔ گذشتہ روز صبح شروع ہونے والی پولنگ دن ایک بجے تک جاری رہی اور وقفہ کر دیا گیا۔ جس کے بعد دوبارہ پولنگ شروع ہونے پر وہاں موجود امیدواروں اور ان کے حامیوں کے مابین جعلی ووٹ ڈالے جانے کی شکایات پر بدنظمی شروع ہوگئی۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی آصف نسیم عباسی ایڈووکیٹ نے انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کرتا ہوں اور نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ آج مجھے اپنے وکیل ہونے پر بھی شرمندگی ہورہی ہے۔ آج آپ نے الیکشن کمیٹی ارکان کو گالیاں اور دھکے بھی دیئے ہیں۔ یہ اسلام آباد بار کی تاریخ میں ایک بدنما داغ ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار ملک عبدالستار اعوان‘ گوجرانوالہ بار کے صدر منتخب جبکہ سیکرٹری کی سیٹ پر ووٹوں کی گنتی دوبارہ فیصلہ آنا باقی ہے۔ ملک عبد الستار اعوان 932 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مخالف الیاس حسین ریحان 832 ووٹوں کیساتھ دوسرے اور داؤد احمد گوپے را 758 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ سینئر نائب صدر ناصر عبادت 993 ووٹ۔ نائب صدر کی سیٹ پر عثمان ناظر چیمہ 1224۔ جوائنٹ سیکرٹری خواجہ حسن 1027، فنانس سیکرٹری پر ابوبکر ابراہیم 984، لائبریری سیکرٹری 1802 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ سیکرٹری کی سیٹ پر گنتی کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کے نتائج آنے کے بعد سیکرٹری کی سیٹ پر دونوں امیدواروں آصف محمود رندھاوا اور علی آفتاب خان کے حامیوں میں تو تکرار بھی ہوئی جس کے بعد الیکشن کمشن نے سیکرٹری کا رزلٹ روک دیا۔ دوسری جانب جیتنے والے امیدواروں کے حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، نوٹ نچھاور اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ جی ڈی اے اور آرائیں گروپ کے حمایت یافتہ امیدوار چودھری امجد پرویز 658 ووٹ لے کر صدر منتخب‘ راجپوت اور بھنڈرا گروپ کے راؤ عابد مشتاق 651 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے۔ اسی طرح آرائیں اور جی ڈی گروپ کے محمد ضمیر حیدر منگن 539 ووٹ لے کر سیکرٹری منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل محمد ایوب خاور نے 437 ووٹ لئے۔