اسلام آباد (عترت جعفری) طبی ماہرین نے مری میں اموات کی وجہ گاڑی کے ہیٹر کو چلا کر سو جانا بتائی جس کے باعث کاربن مونو اوکسائیڈ نے گھٹن پیدا کی اور موت واقع ہوئی، اس کی ایک اور وجہ شدید سردی کے باعث ہائی پو تھرمیا ہو سکتی ہے جس کیوجہ سے دل کا دورہ پڑ جاتا ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد کے معر وف ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ حقیقی وجہ کا علم تو پوسٹ مارٹم سے ہی ہو سکتا ہے تاہم ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ گاڑی کے اندر گیس بھر گئی اور موت واقع ہو گئی ، سردی بھی اس کی وجہ ہو سکتی ہے کہ ہیٹنگ نہ ہونے سے گاڑی کے اندر موجود افراد سردی برداشت نہ کر سکے ہوں، ا س بارے میں ڈاکٹر فیصل مہر نے رابطہ پر بتایا کہ انہوں نے جو فوٹیج دیکھی ہیں ان سے صاف نظر آتا ہے کہ ان افراد کی موت کی وجہ آکسیجن کا نہ ملنا ہے، پہاڑی علاقوں میں پہلے ہی آکسیجن کم ہو تی ہے، ایسا لگ رہا ہے یہ افراد ہیٹر چلا کر سو گئے، سیلنسر کے بند ہونے اور انجن کے چلتے رہنے کی وجہ سے کاربن مونواوکسائیڈ ہیٹر کی ہوا کے ساتھ اندر آنا شروع ہو گئی، اس گیس کی بو نہیں ہوتی اور اس کا آسانی سے پتہ بھی نہیں چلتا اور یہ جان لیوا ہے اور پھیپھڑوں میں اس کے بھر جانے سے دم گھٹ گیا، انہوں نے کہا کہ سردی اس کی وجہ نہیں ہو سکتی کیونکہ وہ معاملہ مائینس درجہ حرارت کے بعد ہو سکتا ہے جبکہ تمام اموات گاڑی کے اندر ہوئیں ہیں۔ سڑک پر ہزاروں گاڑیاں تھیں اگر سردی اس کی وجہ ہوتی تو اموات ذیادہ ہوتیں ۔
گاڑیوں کے ہیٹر سے کاربن مونو اکسائیڈ کا اخراج اموات کی ممکنہ وجہ : طبی ماہرین
Jan 09, 2022