مری واقعہ مجرمانہ غفلت ، خون ناحق پر کسی کو تو ذمہ دار ٹھہرایا جائے : شہباز شریف 

اسلام آباد(خبر نگار) شہباز شریف نے مری، گلیات میں ٹریفک میں پھنسی گاڑیوں میں شہریوں کی اموات کو انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت قرار دیدیا،شہباز شریف نے کہا کہ یہ حکومت کی انتظامی صلاحیت کا عالم ہے کہ ٹریفک انتظامات کرنے کے قابل بھی نہیں، جب شہری پھنسے ہوئے ہیں تو انہیں محفوظ مقامات تک پہنچانے کی کوشش کیوں نہ کی گئی؟ حکومت ایک ہزار گاڑیوں کے انتظام کی بھی صلاحیت نہیں رکھتی تو اسے اقتدار میں رہنے کا کیا حق ہے۔اگرسیاح اتنی بڑی تعداد میں مری جارہے تھے تو حکومت کو کیوں پتہ نہ چلا؟ انتظامیہ کہاں سوئی ہوئی تھی؟ پیشگی انتظامات کیوں نہ کئے گئے شہباز شریف نے کہا کہ جوحکومت رش میں پھنسے شہریوں کو نہیں بچاسکتی وہ مہنگائی کی دلدل سے عوام کو کیسے نکال سکتی ہے؟ جوحکومت ایک ہزار گاڑیوں کا مسئلہ حل نہیں کرسکتی، وہ ملک کے بڑے مسائل سے کیوں کر نمٹ سکتی ہے۔ عمران نیازی میں تو اخلاقی جرات نہیں، کم ازکم اس سنگین مجرمانہ غفلت کے ذمہ دار وزیر اور ماتحتوں کو ہی برخاست کیا جائے شہباز شریف نے سوال کیا کہ اس خون ناحق پر کسی کو تو ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ سیاحت میں اضافے کاحکومتی پروپیگنڈا سفاکی اور سنگدلی کی انتہا ہے، مغرب کی مثالیں دینے والوں نے تو مشرقی روایات کی بھی لاج نہیں رکھی۔

ای پیپر دی نیشن