سانحہ مری ، عوام بڑی تعداد میں آئے ، انتظامیہ تیار نہ تھی : وزیراعظم ، تحقیقات کا حکم 

Jan 09, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری میں متعدد افراد کی اموات پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیراعظم عمران خان  نے ٹویٹ  میں کہا کہ مری جانے والے سیاحوں کی المناک اموات پر افسردہ ہوں، غیرمعمولی برفباری اور بغیر موسم دیکھے عوام کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث ضلعی انتظامیہ تیار نہیں تھی، ایسے سانحات کی روک تھام کیلئے سخت قواعد و ضوابط قائم کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے ملک کی معیشت ترقی کررہی ہے اور روزگار کے موقع پیدا ہورہے ہیں۔ عمران خان نے ٹوئٹ میں ایک اخباری رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 ماہ میں کرونا چیلنج کے باوجود رجسٹرڈ کاروبار کا منافع 59 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری معیشت ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کررہی ہے، امید ہے کہ کاروباری حضرات اپنے ملازمین کو بھی نفع میں شراکت دار بنائیں گے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کی رجسٹرڈ کمپنیوں نے 2021 کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 258 ارب روپے سے زائد کا بعد از ٹیکس منافع کمایا ہے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 59 فیصد زیادہ ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق رجسٹرڈ کمپنیوں نے 2021 کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران 498 ارب روپے کا منافع ظاہر کیا ہے جب کہ 2020 کے اسی عرصے میں 271 ارب روپے کے منافع کا اعلان کیا گیا تھا۔ 2021 کے دوران سب سے زیادہ منافع بینکنگ کے شعبے نے 140 ارب روپے سے ظاہر کیا ہے، اس کے علاوہ گیس اور تیل کی کمپنیوں نے 71 ارب، فرٹیلائزر نے60 ارب جبکہ بجلی کی پیداواری اور تقسیم کار کمپنیوں نے 33 ارب روپے سے زائد کا منافع ظاہر کیا ہے۔

مزیدخبریں