پولیس اہلکاروں کے سکول میں گھسنے پرڈی پی او کا نوٹس ،تحقیقات کا حکم

Jan 09, 2022

حافظ آباد( نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی، نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بلال ظفر شیخ نے سرکاری سکول میںمبینہ طو ر پر زبردستی داخل ہوکر استاد کی طلبہ کے سامنے تذلیل کرنے اور اس کو ہتھکڑی لگانے کے واقعہ کی انکوائری کاحکم دے دیا۔ گورنمنٹ ہائی سکول دھرنکے میرداد کے ہیڈ ماسٹر اور اساتذہ نے ڈی پی او کو تحریری درخواست دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سکول میں تدریسی عمل جاری تھا کہ اچانک محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے وہاں ریڈ کیا اور ایک استاد علی حیدر کو کلاس میں بچوںکے سامنے ہتھکڑی لگانا چاہی ۔اس دوران دیگر اساتذہ نے مذکورہ ٹیم کے ساتھ مذاکرات شروع کئے تو اچانک پولیس تھانہ ونیکے تارڑ کے اے ایس آئی محمد مالک اور ایک کانسٹیبل یونیفارم میں سکول میں زبردستی داخل ہوئے، جنہوں نے اساتذہ اوربچوںکے ساتھ بدتمیزی شروع کردی اور علی حیدر ٹیچر کوطلبہ کے سامنے دھکے دیتے ہوئے گرفتارکرکے لے گئے ۔جس پر ڈی پی او نے انکوائری کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ۔دوسری جانب اساتذ ہ تنظیموں کے راہنمائوںنے طلبہ کے سامنے استاد کی تذلیل اور ہتھکڑی لگائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس ملازمین کے خلاف کاروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ۔

مزیدخبریں