لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور سرچ و کومبنگ آپریشنز میں تیزی کا احکات جاری کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے صوبے کے تمام ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کے ساتھ مل کر سرچ و کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائیں اور کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سخت نگرانی کو مزید موثر بنایا جائے۔ عامر ذوالفقار خان نے ہدایت کی کہ ہر ضلع میں ہونے والے سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔ ہوٹلوں، بس اڈوں، سراؤں اور کچی آبادیوں سمیت دیگر حساس علاقوں کی چیکنگ کے عمل میں تیزی لائی جائے۔
جبکہ کرایہ داری اندراج میں خلاف ورزی پر قانونی کاروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔ تمام اضلاع میں حساس مذہبی مقامات، گرجا گھروں اور اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بطور خاص توجہ دی جائے اور سپروائزری افسران باقاعدگی سے حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کریں۔ دہشت گردوں، سماج دشمن عناصر اور انکے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کومبنگ اور سرچ آپریشنز کو مزید تیز کیا جائے تاکہ صوبے سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہو سکے۔ آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کے نام بھجوائے گئے مراسلے میں جاری کیں۔