کوٹہ بڑھنے سے گندم آٹے  کے نرخوں میں نمایاں  کمی آئے گی سیل پوئنٹس ڈبل  کر دئیے : پرویز الہی

Jan 09, 2023


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ گندم و آٹا کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فلور ملوں کیلئے گندم کا یومیہ سرکاری کوٹہ بڑھا کر ڈبل کر دیا گیا ہے اور صوبے بھر میں سیل پوائنٹس کو بھی دوگنا کر دیا گیا ہے۔ پنجاب بھر میں روزانہ 10 کلو آٹے کے 18 لاکھ 40 ہزار تھیلے سرکاری ریٹ پر دستیاب ہوں گے۔ فلور ملوں کو ان کے اپنے مطالبے سے زیادہ 26 ہزار ٹن سرکاری گندم کل سے جاری کی جا رہی ہے۔ سرکاری کوٹہ بڑھنے سے نجی گندم اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت عام آدمی کو سبسڈی دے رہے ہیں تا کہ شہروں اور دیہات تک بھی یہ فائدہ پہنچ سکے۔ غریب آدمی کو گندم کی سستے داموں فراہمی کے لئے پنجاب احساس پروگرام کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جارہی ہے۔ پنجاب حکومت احساس پروگرام کے ذریعے مستحق لوگوں کو پہلے ہی آٹے کی سستے داموں فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے پر ٹارگٹڈ سبسڈی حاصل کرنے کے لئے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے احساس پروگرام میں شمولیت کی جا سکتی ہے۔ صوبائی و ضلعی سطح پر عوام کو مقررہ قیمت پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پرویز الٰہی نے معروف عالم دین مولانا احترام الحق تھانوی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے تعزیتی پیغام میں مولانا احترام الحق تھانوی مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے مولانا احترام الحق تھانوی کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا احترام الحق تھانوی کی دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
پرویزالٰہی

مزیدخبریں