آج دنیا کے سامنے سیلاب متاثرین  کا مقدمہ  رکھیں گے : وزیر اعظم


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + اے پی پی + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے منعقد ہونے والی عالمی کانفرنس کی میزبانی کے لیے وزیراعظم جنیوا پہنچ گئے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلی سطح وفد کے ہمراہ ہیں۔ وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب شامل ہیں۔ وزیراعظم آج پیر کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس کے ساتھ مل کر پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔ پاکستان کانفرنس میں تعمیر نو اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا فریم ورک پیش کرے گا اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دے گا۔ کانفرنس میں اعلی افتتاحی اجلاس کے بعد باضابطہ طور پر تعمیر نو اور سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی میں شراکت کی دستاویز کا آغاز کیا جائے گا، جس کے بعد پارٹنر سپورٹ کے اعلانات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مشترکہ پریس سٹیک آؤٹ میں بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں سربراہان مملکت و حکومت، وزراء  اور متعدد ممالک کے اعلیٰ سطح نمائندے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں، فاؤنڈیشنز اور فنڈز کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ترقیاتی تنظیموں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے شرکت کریں گے۔ قبل ازیں اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کریں گے، ان اقدامات پر بھی روشنی ڈالوں گا جو حکومت نے متاثرین کی بحالی کے لیے اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے شراکت داروں اور دوست ممالک کے سامنے بحالی اور تعمیر نو کا جامع فریم ورک پلان رکھیں گے، بنیادی ڈھانچے اور معیشت کی بحالی کے لیے فنڈنگ کے فرق کو پورا کرنا کلیدی حیثیت رکھتا ہے، دنیا کی تاریخ میں انسانیت ایک موڑ پر ہے۔ اقدامات آنے والی نسلوں کے لچک دار مستقبل کی تشکیل کریں گے۔ تباہی سے متاثر ہونے والے لاکھوں پاکستانی واپسی کے لیے ہمدردی اور یکجہتی کے خواہاں ہیں۔ احسن اقبال‘ معاون خصوصی فہد حسین‘ طارق باجوہ اور طارق فاطمی بھی حکومتی وفد میں شامل ہیں۔ وزیراعظم کی کانفرنس سے قبل جنیوا میں نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ دریں اثناء اقوام متحدہ اور پاکستان کی جانب سے قدرتی آفت سے تباہی کے بعد پاکستان کی تعمیرنو کے حوالے سے عالمی کانفرنس آج نو جنوری کو جینوا میں ہوگی۔ پاکستان مدد کی ضرورت سے متعلق عالمی اداروں کی رپورٹ کے تناظر میں مدد کی اپیل کرے گا۔ عالمی کانفرنس کا آغاز وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے کلمات سے ہوگا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جینوا میں ہونے والی عالمی کانفرنس کے دو سیشنز کی صدارت بھی کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گوتریس عالمی کانفرنس کے ابتدائی حصے کی سربراہی کریں گے۔ سربراہان مملکت، وزراء اور مختلف ممالک کے نمائندگان خطاب کریں گے۔ اے پی پی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون بھی خطاب کریں گے۔ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے پاکستان کے نمائندے، نٹ اوسٹبی نے کہا کہ یہ کانفرنس عالمی برادری کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان تباہ کن سیلابوں سے ایک لچکدار اور جامع بحالی کے عزم کا ایک اہم موقع ہے۔
وزیراعظم 

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...