چیمبرز آف کامرس کرغزستان سمیت خطے کی دیگر ریاستوں کی مارکیٹ سے استفادہ کریں: گورنر  

Jan 09, 2023


لاہور/اسلام آباد (اے پی پی):گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس کو پاکستان میں کرغزستان ٹریڈ ہائوس کا پہلا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اتوار کو مہر کاشف یونس نے گورنر ہاو س میں ان سے ملاقات کی۔ مہر کاشف یونس نے اپنے ایک بیان مین کہا کہ  گورنر پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ کرغزستان ٹریڈ ہائوس کا حال ہی میں کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف نے افتتاح کیا ہے۔ ٹریڈ ہائوس دوطرفہ تجارت کے فروغ، علاقائی رابطوں کے ذریعے تجارتی پوٹینشل سے بھر پور استفادہ اور دونوں ممالک کی تاجر برادری کے براہ راست رابطوں میں بھر پور مدد کرے گا جس کی موجودہ عالمی منظر نامے میں اشد ضرورت ہے۔ گورنر نے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور کرغزستان سمیت خطے کی دیگر ریاستوں کی مارکیٹ سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل زمینی رسائی دونوں ممالک اور خطے کے درمیان تجارتی و اقتصادی ہم آہنگی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے اور افغانستان کے راستے ریلوے لنک کے قیام کے بعد یہ رکاوٹ دور ہو جائے گی۔

مزیدخبریں