آئندہ نسلوں  کی ترقی کیلئے جماعت اسلامی  کا ساتھ دیس جائے ،کاشف سعید شیخ


کراچی(این این آئی)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے امیر جماعت سراج الحق کی جانب سے ملک میں بدترین مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نام نہاد اتحادی حکمرانوں نے ملک کو سری لنکا بنادیا ہے آج لوگ دس کلو آٹے کیلئے اپنے جان سے ہاتھ دھونے پر مجبور ہیں جبکہ حکمران محض مخالفین پر ملامت اور بیرونی ممالک کے دوروں میں مصروف ہیں، عوام اپنا حق حاصل کرنے کیلئے ظالم، جابر اور کرپٹ حکمران کیخلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک میں بھرپور حصہ لیکر بیداری کا ثبوت دیں۔انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں عوام دشمن ایجنڈے پر کاربند ہیں آئی ایم ایف کی مزید سخت شرائط مان کر عوام کو زندہ درگور کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، زرعی ملک ہونے کے باوجود آج ہماری مائیں بہنیں آٹے کیلئے قطاروں میں کھڑی ہیں اب وقت آگیا ہے کہ فرسودہ سودی نظام اور آئی ایم ایف کے غلام کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کیا جائے، پاکستان اور کرپٹ سسٹم اب مزید ایک ساتھ نہیں چل سکتے، جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے نااہل، کرپٹ اور ظالم حکمرانوں کیخلاف میدان عمل میں کھڑی ہے اب عوام وڈیروں،جاگیرداروں،سرمائیداروں کی بجائے جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دیں، 15جنوری کو بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد میں ترازو کے نشان پر ٹھپہ لگاکر اپنی بیداری اور ظالم حکمرانوں کے ظلم کا بدلہ لیں۔عوام لمبی قطاروں میں آٹے کیلئے خوار ہورہے ہیں لیکن کرپٹ اور نااہل حکمرانوں پر کوئی اثر نہیں ہورہا، یہ اپنے مقدمات کو ختم اور بیرون ملک جائیدادوں کے تحفظ کیلئے اقتدار میں آئے تھے ،پی ٹی آئی کے بعد موجودہ حکمرانوں نے عوام کا خون نچوڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے، 13جماعتی اتحاد لوٹ کھسوٹ اور احتساب کے نظام کو دفن کرنے کی مشن پر تیزی سے عمل پیرا اور عوام مہنگائی، بیروزگاری،گییس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ مزید قرضوں کی وجہ سے زندہ دفن ہوچکے ہیں۔معیشت بہتر ہوئی نہ ڈالر کے ریٹ کم ہوئے، خزانہ خالی اور کشکول مشن جاری ہے۔ملک اور قوم کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت کے پاس ہے ، جماعت اسلامی ہی ملک میں حقیقی احتساب، عدل و انصاف کا بول بالا اور قانون کی بالادستی قائم کر سکتی ہے۔سندھ کے عوام اپنی آئندہ نسلوں کو غلامی سے نجات دلانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

ای پیپر دی نیشن