کراچی(این این آئی)ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ کشمیر روڈ کو مکمل طور پر اسپورٹس کمپلیکس بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور جو جگہیں بنجر اور ویران تھیں انہیں درست کرکے پارک، جوگنگ ٹریک اور دیگر سہولتیں مہیا کی جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنا گرائونڈ ، جیل چورنگی اور اسپورٹس کمپلیکس کے تفصیلی دورے کے موقع پر کیا، محکمہ لینڈ، محکمہ انجینئرنگ، محکمہ پارکس کے متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ چائنا گرائونڈ ایک طویل عرصے سے ویران پڑا ہوا تھا اور اب مکمل طور پر کچرا کنڈی میں تبدیل ہوچکا تھا گزشتہ دو روز میں سینکڑوں ٹرک کی تعداد میں وہاں سے کچرا اٹھایا جاچکا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کی زمینوں پر جس طرح تیزی کے ساتھ لینڈ مافیا قبضہ کر رہی ہے اس سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیںکہ جو کے ایم سی کی زمینیں قبضہ کرنے سے رہ گئی ہیں ان پر بھی لینڈ مافیا قبضہ کرلے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت کشمیر روڈ پر واقع اسپورٹس کمپلیکس کی زمین پر پارک اور کھیلوں کی سہولتوں کے علاوہ کسی بھی قسم کی تعمیرات نہیں ہوسکتیں، کے ایم سی نے گزشتہ دنوں یہاں سے شادی ہال اور کلب سمیت متعدد تجاوزات کو ختم کیا تھا تاکہ سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ چائنا گرائونڈ کو ہموار کرکے اس کے چاروں اطراف واکنگ ٹریک بنائیں گے تاکہ اہل علاقہ اس سہولت سے استفادہ کرسکیں، انہوں نے کہا کہ کشمیر روڈ پر ایک طویل عرصے سے چلنا والا غیرقانونی ہائیڈینٹ مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے اور دیگر تجاوزات بھی ہٹا دی گئی ہیں، جیل چورنگی فلائی اوورز کے لوپ سے بھی کچرے کو صاف کیا گیا ہے اور بڑی تعداد میں پودے لگائے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہاں تمام چیزیں مکمل ہونے کے بعد یہ جگہ بہتر ہوجائے گی ، ایڈمنسٹر یٹر کراچی نے کہا کہ جیل چورنگی ، کشمیر روڈ، اسپورٹس کمپلیکس اور چائنا گرائونڈ میں اسٹریٹ لائٹس کا نظام بہتر کیا جائے گا تاکہ رات کے اوقات میں بھی یہ علاقہ جگمگاتا رہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی صورت یہاں تجاوزات قائم نہ ہونے دیں اور اس علاقے کو اپ گریڈ کریں، انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے ایم سی کی تمام سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کو بہتر کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سڑکوں کی استرکاری اور تعمیر بھی شروع کردی گئی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی کے مسائل زیادہ ہیں لیکن منصوبہ بندی اور ہمت کے ساتھ ان مسئلوں کو حل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ لانڈھی میں تعمیر ہونے والے اسپورٹس کمپلیکس کو جلد فعال کردیں گے اور گلشن اقبال میں واقع ویمن اسپورٹس کمپلیکس کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا، انہو ںنے کہا کہ وہ سرکاری سطح پر خواتین کے لئے واحد اسپورٹس کمپلیکس ہے جو علاقے کی خواتین کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کر رہا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ وسائل محدود ضرور ہیں لیکن کراچی کی خدمت کا جذبہ لامحدود ہے۔