لاہور(کامرس رپورٹر )فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے 2023-24 کیلئے فیڈریشن کے منصفانہ، آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر غور کیلئے گروپ کا اجلاس 11 جنوری کو اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔ گزشتہ روز یو بی جی کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے مومن علی کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر تجارت، وفاقی سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن سے ملاقات کر کے انہیں ایف پی سی سی آئی کے معاملات سے آگاہ کیا جائے گا۔ نئے قانون کے مطابق ایف پی سی سی آئی کی 2 سالہ مدت 2022 سے نہیں بلکہ 2023 سے شروع ہوگی۔ اب ایف پی سی سی آئی اس وقت کسی قانونی طور پر منتخب ادارے کے بغیر ہے اور تاجر برادری کے وسیع تر مفاد میں ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے قانون کے مطابق انتظامات کیے جائیں۔ یو بی جی کی قیادت ہمیشہ قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ یو بی جی کسی کو بھی کسی بھی قیمت پر صنعتکاروں اور تاجروں کے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور اقتدارکے ایوانوں میں ان کے مفادات کا تحفظ کرے گا۔
یو بی جی:فیڈریشن کے منصفانہ، آزادانہ انتخابات کیلئے اجلاس 11 جنوری کو طلب
Jan 09, 2023