لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان بلائنڈکرکٹ کونسل کی جنرل کونسل کا اجلاس 14 جنوری کو لاہور میں ہوگا۔ اجلاس میں بلائنڈکرکٹ کونسل کے انتخابات بھی ہونگے ۔چیئرمین سید سلطان شاہ نے بتایا کہ انتخابات میں 22 ممبران حصہ لیں گے جن میں سے 9 ڈائریکٹرز کا انتخاب کیا جائےگا۔ اسی روز منتخب شدہ ڈائریکٹرز آئندہ تین سال کےلئے پی بی سی سی کے نئے چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔ انتخابات کےلئے دو رکنی الیکشن کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو کہ سلمان خالد چیئرمین اور کامران رفیق رانا پرمشتمل ہے۔ انتخابات کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندے کو بطور مبصر مدعو کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پی بی سی سی کے موجودہ چیئرمین سید سلطان شاہ 17 اپریل 2009 سے مسلسل 4 مرتبہ کونسل کے چیئرمین منتخب ہوتے رہے ہیں ، وہ 4 مرتبہ ورلڈ بلائنڈکرکٹ لمیٹڈ کے صدربھی منتخب ہوئے ہیں۔