لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن خواتین کی صدر صبا شمیم جدون نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کےلئے بینادی ڈھانچہ کی ضرورت ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے تائیکوانڈو میں بین الاقوامی سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں اور حکومت کو ان کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ پاکستان تائیکوانڈ و فیڈریشن کے زیر اہتمام بین الاقوامی ایونٹس کی تیاری کے سلسلہ میں تائیکوانڈو کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس ،اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم میں جاری ہے،اس تربیتی کیمپ میں تین خواتین کھلاڑیوں سمیت 50 سینئر و جونیئر کھلاڑی شامل ہیں۔تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کو دوغیر ملکی کوچز تربیت دے رہے ہیں ان دو غیر ملکی کوچز میں ایران کے یوسف کرامی اور کوریا کے چوئی سیونگ اوہ شامل ہیں۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی 4 سے 8 فروری تک دوبئی میں الفجیرہ اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ ، 24سے27 فروری تک ایران میں الفجراوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں، مارچ میں ترکش اوپن تائیکوانڈو چیمپیئن شپ، مئی میں آذربائیجان میں ورلڈ تائیکوانڈو چیمپئن شپ اور ستمبر میں ایشین گیمز میں شرکت کریں گے۔