کراچی(این این آئی)پاکستان سندھ رینجرزسندھ اور پولیس نے اورنگی ٹائون میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی 120 وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیاہے۔ترجمان رینجرزکے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس نے اورنگی ٹائون میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم سلطان شاہ عرف سرکو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا تیس بور کا پستول برآمد کر لیا گیاہے۔ترجمان کے مطابق ملزم نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ نومبر 2022 کو سائٹ ٹاون میں ڈکیتی کی واردات کی اور دو موٹر سائیکل سواروں سے اسلحہ کے زور پر ایک لاکھ روپے مالیت کے دو موبائل فون چھینے اور فرار ہو گئے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اس میں ملزمان کو آسانی سے پہچانا جاسکتا ہے۔دوران تفتیش ملزم نے شہرکے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی 120 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، ملزم نے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے دوران 300 سے زائد موبائل فونز جبکہ 12 لاکھ سے زائد نقدی چھینے کا بھی اعتراف کیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کے دیگرساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزم کومزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس حکام کے حوالے کردیا گیا۔
کراچی،اورنگی سے گرفتار ملزم نے120 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کرلیا
Jan 09, 2023