کراچی میں لوٹ مار عروج پر‘ مزاحمت پر مزید4 شہری زخمی

Jan 09, 2023

کراچی(این این آئی)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں نے دوران لوٹ مار مزاحمت کرنے پرمزید چار شہریوں کو زخمی کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اپنے عروج پر ہیں، ڈاکوئوں کی جانب سے شہریوں کو لوٹ مار کے دوران فائرنگ کرکے ہلاک کرنے یا زخمی کرنے کا سلسلہ معمول بن چکا ہے، اتوارکو بھی فائرنگ سے چار شہری زخمی ہوئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق زمان ٹائون کے علاقے کورنگی سو کوارٹر چار پول کے قریب ڈاکوئوں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت 24 سالہ محمد جنید ولد محمد اشرف کے نام سے ہوئی۔بلدیہ ٹائون کے علاقے دو نمبر جلی ہوئی فیکٹری کے قریب ڈاکوئوں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت پر 28 سالہ عبدالوارث ولد عبدالرشید کو زخمی کردیا جسے امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا۔مدینہ کالونی کے علاقے بلدیہ ٹائون 24 مارکیٹ فیصل بیکری کے قریب ڈاکوئوں نے مزاحمت پر 35 سالہ شیراز علی ولد عمران علی کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔اسی طرح سہراب گوٹھ تھانے کے علاقے ایوب گوٹھ سے غریب آباد جاتے ہوئے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر نامعلوم مسلح ملزمان نے 28 سالہ مہربان ولد عبدالستار کی ٹانگ پر گولی مار دی۔ سہراب گوٹھ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رقم چھینے کی واردات کے دوران پیش آیا۔ ادھرکراچی ضلع غربی کے علاقے اورنگی ٹائون میں مسلح ملزمان نے ہیئر ڈریسر شاپ پر موجود شہریوں سے 10 موبائل فون اور 90 ہزار روپے لوٹ لیے، واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔پولیس کے مطابق واردات اورنگی ٹائون قذافی چوک پر موجود نائی کی دکان میں ہوئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 3 کم عمر مسلح ملزمان نے دکان میں داخل ہو کر وہاں بال کٹوانے میں مصروف شہریوں کو یرغمال بنا لیا۔سی سی ٹی وی ویڈیو میں مسلح ڈکیتوں کو لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔واردات میں ملوث ملزمان کا ایک ساتھی دکان کے باہر اسلحہ تانے کھڑا نظر آ رہا ہے، جبکہ دوسرے مسلح شخص نے دکان کی تمام درازوں سے نقدی اور قیمتی اشیا نکال لیں۔مسلح شخص نے دکان میں موجود کسٹمرز اور دیگر افراد کی جیبوں سے بھی قیمتی اشیا نکال لیں۔ڈکیت شہریوں سے 10 موبائل فون اور 90 ہزار روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔

مزیدخبریں