محراب پور(نامہ نگار)محراب پور سیاسی لوگوں کو نوازنے کےلئے علی بحر واہ (شاخ) میں ٹنڈو میر علی کے مقام پر شگاف ڈالنے کی اطلاع پر سینکڑوں افراد موقع پر پہنچ گئے،انتظامیہ کےخلاف سخت احتجاج، غلط فیصلے پر مزاحمت کا اعلان کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق موجب ڈپٹی کمشنر خیرپور کی جانب سے محراب پور اور ٹھری میرواہ کے درمیان سے گزرنے والی علی بحر واہ (شاخ) میں شگاف دینے کے اعلان اور پی پی پی خیرپور کی ایک خاتون سیاسی رہنما کی آمد کے پیش نظر شگاف سے متاثر ہونے والے سینکڑوں دیہات سے ہزاروں افراد علی بحر واہ (شاخ) پر پہنچ گئے جن میں مسلح افراد بھی شامل تھے اور کرین لانے پر سخت احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی اس موقع پر لوگوں کا کہنا تھا کہ علی بحر واہ (شاخ) میں شگاف ڈالنے کا مقصد با اثر لوگوں کی زرعی اراضی کو فائدہ پہنچانا ہے تحصیل ٹھری میرواہ میں ٹھری میرواہ محراب پور رابطہ سڑک (لنک روڈ) پر باغ بچرا، ٹنڈو میرعلی، گاو¿ں نیروار، گاو¿ں بلو دا کھاڑا، گاو¿ں بڈو میربحر اور قرب و جوار کے دیہات پہلے ہی برساتی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اگر ٹنڈو میر علی کے پاس ڈپٹی کمشنر خیرپور مخصوص سیاسی افراد کو نوازنے کےلئے شگاف ڈالا تو اس سے ڈوبے ہوئے علاقے کی ہزاروں ایکٹر زرعی اراضی سے برساتی پانی نکلنا مشکل ہو جائےگا اور علی بحر واہ کا پانی محراب پور تک چلے جائے گا ہم ڈپٹی کمشنر خیرپور سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پانی کی قدرتی گزرگاہوں پر بنائے گئے بند ختم کروا کر کھڑے برساتی پانی کی نکاسی کرائی جائے اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ سخت اقدام پر مجبور ہونگے جس کی ذمہ دار ضلعی انتظامیہ ہوگی، دوسری طرف علی بحر واہ (شاخ) میں شگاف ڈالنے کی اطلاع پر شدید عوامی ردعمل کے بعد ڈپٹی کمشنر خیرپور اور حکمراں جماعت کی سیاسی شخصیات نے اپنا دورہ ختم کردیا۔