ملتان (خبر نگار خصوصی ) کسٹم کلکٹر ملتان محمد طاہر نے کہا ہے کہ کسٹم حکام ملک میں سمگلنگ کے دھندے کو روکنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اس کا مقصد ملکی خزانے کو نقصان سے بچانا اور منشیات کے نیٹ ورک کا خاتمہ کرنا ہے خاص طور پر ملتان زون جو جنوبی پنجاب پر مشتمل ہے انتہائی متحرک ہے افرادی قوت کی کمی کے باوجود ملتان زون کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ملتان زون میں کسٹم حکام نے 41 کروڑ روپے مالیت کے 28 نان کسٹم پیڈ آئل ٹینکر پکڑے 12 ملین روپے کے سمگل شدہ موبائل فون ضبط کیے گئے اسی طرح 5 ملین روپے کی غیر ملکی کرنسی پکڑی گئی جبکہ 375 ملین روپے کے نان کسٹم پیڈ فوڈ آئٹمز 319 ملین روپے کا نان کسٹم پیڈ کپڑا قبضے میں لیا گیا 250.81 ملین روپے مالیت کی ائل ودیگر گاڑیاں پکڑی گئیں ان میں 83.9 ملین روپے مالیت کی آئل کی 32 گاڑیاں بھی شامل ہیں ان گاڑیوں میں تین لاکھ 80 ہزار 500 لیٹر آئل لوڈ تھا تین ماہ کے دوران 107 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں قبضے میں لی گئیں افرادی قوت کی کمی کے باوجود 2 ہزار ملین روپے کا سامان پکڑا جانا ملتان سرکل کی بڑی کامیابی ہے کسٹم کلکٹر نے مزید کہا کہ وہ سمگلروں سے وہ خوفزدہ نہیں ہیں سمگلنگ کی روک تھام کیلئے محکمے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنارہے ہیں ایئرپورٹس پر چیکنگ سخت کردی گئی ہے پاکستان جیسے ملک جس کی سرحدیں مختلف ممالک سے ملتی ہیں وہ جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہم ہے حکومت کو اس حوالے سے توجہ دینا ہوگی افرادی قوت کی کمی کو فوری طور پر پورا کر کے سمگلنگ کو روکا جا سکتا ہے اور اس سے قومی خزانے کو اربوں ڈالرز کا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔