اسلام آباد(خبرنگار) پی آئی اے کی قانونی تقسیم پر مشاورتی اجلاس نگراں وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد کی زیر صدارت منعقد ہوا پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل)کی قانونی تقسیم سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا اجلاس میں تمام اہم حکومتی اسٹیک ہولڈرز بشمول خزانہ، ہوا بازی، قانون، نجکاری ڈویژن اور نجکاری کمیشن کے سیکرٹریز، پی آئی اے کے سی ای او، وزارتوں کے قانونی اور مالیاتی مشیروں اور پی آئی اے کی نجکاری کے لیے متعین مالیاتی مشیروں کی ٹیم نے شرکت کی۔ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے متعین مالیاتی مشیروں نے پی آئی اے کی قانونی تقسیم کے لیے تجویز پیش کی جس کا مقصد بنیادی ایوی ایشن کے کاروبار اور اثاثوں کو الگ کرنا تھا تاکہ بنیادی ایوی ایشن سروسز کی نجکاری ہو سکے۔ غیر بنیادی اثاثوں کو ایک ہولڈنگ کمپنی کے ڈھانچے میں شامل کیا جائے گا تاکہ یہ الگ الگ ڈھانچوں اور لین دین میں تقسیم کرکے نجکاری کے مزید عمل میں شامل ہو جائیں ۔ نجکاری سے متعلق مزید اقدامات کے لیے روڈ میپ پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے مشورے کو شامل کر کے تجویز کو مزید معقول بنایا جائے گا اور حتمی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو پیش کیا جائے گا ۔