لاہور( این این آئی)ملک بھر میں گزشتہ 3سال میں چائلڈ پورنو گرافی کے 185 کیسز رپورٹ ہوئے،ملک بھر میں سال 2022ء میں چائلڈ پورنوگرافی کے سب سے زیادہ 83 کیسز رپورٹ ہوئے، سال 2023میں 31کیسز، 2021میں 71کیسز رپورٹ ہوئے، سال 2022ء کے مقابلے میں 2023ء میں 25فی صد کم کیسز سامنے آئے۔یہ اعدادوشمار ایف آئی اے کی جانب سے سینیٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔دستاویز کے مطابق 3 سالوں میں چائلڈ پورنو گرافی کی مجموعی طور پر 464 شکایات موصول ہوئیں، 312مقامی سطح پر ، سائبر ٹیپ لائن کے ذریعے 150اور 2شکایات بیرونی ممالک کے سفارتخانے اور انٹرپول سے موصول ہوئیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 184افراد پر مقدمات درج جبکہ 225کو گرفتار کیا گیا، 23افراد کو سزا جب کہ 31ملزمان بری ہوئے۔اس میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمات، گرفتاریاں، سزائیں پیکا ایکٹ کے سیکشن 22 کے تحت کی گئی۔