شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر سابق رکن صوبائی اسمبلی امیدوار این اے 115و امیدوار پی پی 141محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ سینٹ میں الیکشن کے التوا کی قرارداد جمہوریت کے تسلسل کے خلاف سازش اورپاکستان کی بقا اور قومی سلامتی اور قوم کو اندھیروں میں دھکیلنے کی کوشش ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود ایوان بالا میں قراراداد پیش کرنے والوں کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے، اپنے ایک بیان میں محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ ماضی میں ملک میں ملک وقوم کے ساتھ سیاسی و معاشی کھلواڑ کرنے والے عناصرانتخابات میں ناکامی دیکھ کر راہ فرار اختیار کرنے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں، (ن) لیگ عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والوں کو راہ فرار اختیار کرنے کا کوئی بھی موقع نہیں دے گی عوام ناکام سیاست دانوں کوالیکشن کے ذریعے شکست دیکر ان کا بھر پور احتساب کریگی، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی روز اول سے ہی پالیسی واضح ہے اور ہم صاف اور شفاف انتخابات کے خواہاں ہے پر امن ماحول مہیا کرکے عوام کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع دینا چاہئے۔