سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے روبکاری جاری ، دیگر مقدمات کے باعث قید رہیں گے

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کی روبکار جاری کردی۔ ذرائع کے مطابق جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے روبکار جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ہوچکی ہے، عمران خان کسی دوسرے مقدمے میں نامزد نہیں تو رہا کیا جائے۔ روبکار میں عمران خان کے دس دس لاکھ کے ضمانتی مچلکے اور دو شخصی ضمانتیں عدالت میں جمع کرانے کا کہا گیا۔ جس کے جواب میں عمران خان کے وکیل خالد یوسف ایڈووکیٹ نے ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کروا دیئے۔ سائفر کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور ہوگئی ہے تاہم توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتاری کے باعث بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں گے۔لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ میں نااہلی کیخلاف درخواستیں سماعت کے لئے مقرر ہو گئیں۔ جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ بارہ جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا۔ بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شمس محمود، جسٹس شاہد کریم شامل ہیں۔ جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس جواد حسن بھی بنچ کا حصہ ہونگے۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔ دوسری طرف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 190 ملین پائونڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے ریفرنس کی نقول فراہم کر دیں جبکہ 6 ملزموں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم عائد نہ کی جا سکی، عدالت نے آئندہ سماعت پر  بشریٰ بی بی ی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آج منگل تک ملتوی کر دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن