الیکشن میں ایک ماہ باقی ‘ملک میں انتخابی ماحول نہ بن سکا

Jan 09, 2024

اسلام آباد(رانا فرحان اسلم)آئندہ عام انتخابات میں انعقاد کے لیے ایک ماہ کا وقت باقی رہ گیا لیکن تاحال ملک میں انتخابی ماحول نہ بن سکا عوام کے ساتھ ساتھ بہت سی سیاسی جماعتیں اور امیدوار غیر یقینی کیفیت کا شکار ہیں الیکشن کے حوالے سے ملک میں سازشوں اور ان کے التوا کے حوالے سے افواہیں پھیلانے کا سلسلہ بھی جاری ہے دوسری جانب سیاسی جماعتوں کی حالت یہ ہے کہ ابھی تک کوئی بھی جماعت الیکشن کے لیے اپنے امیدواروں کے حتمی نامون کا اعلان نہیں کر پائی یہی وجہ ہے کہ امیدوار انفرادی طور پر بھی اپنی انتخابی مہم کا آغاز نہیں کر سکے کیونکہ انہی اپنی جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کے ناموں کی حتمی فہرست کا انتظار ہے ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں بہت سے حلقے ایسے ہیں جہاں ایک ایک حلقے میں ایک جماعت سے کئی کئی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں اور انھیں اس بات کا یقین نہیں کہ ان میں سے کس کو ٹکٹ ملے گا لہذاوہ ابھی تک بھرپور انداز سے اپنی انتخابی مہم شروع کرنے سے قاصر ہیں ۔ جہان تک سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم کا تعلق ہے تو وہ بھی اس وقت انتخابی مہم کے میدان میں دکھائی نہیں دے رہیں ، مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف کے علاوہ جماعت اسلامی ، جے یو آئی ، ایم کیو ایم ، استحکام پارٹی میں سے کسی بھی جماعت کی جانب سے ابھی تک کسی بھی سطح پر کوئی انتخابی سرگرمی دیکھنے میں نہیں آ رہی جس کی وجہ سے عوام مایوسی اور بے چینی کا شکار ہیں اور ان کو یہ یقین ہی نہیں آ رہا کہ ملک میں آئندہ چند دن بعد الیکشن ہونے جا رہے ہیں ۔

مزیدخبریں