اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وائس چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے 6 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان نیوی اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان ایکسپرٹ لیول سٹاف مذاکرات کے لیے سعودی عرب کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دورے کے دوران وائس چیف نے رائل سعودی نیول فورسز کے کمانڈر وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغوفیلی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان انتہائی گہرے تعلقات ہیں اور بہت سے آپریشنل اور تربیتی امور میں باہمی تعاون پایا جاتا ہے جس کا ایک اہم مظہر دونوں بحری افواج کی مشترکہ بحری مشق نسیم البحر کا باقاعدہ انعقاد ہے۔
وائس نیول چیف اویس احمد کی سعودی نیول کمانڈر سے ملاقات‘ باہمی امور پر تبادلہ خیال
Jan 09, 2024