اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے بحرین کے دورہ کے دوران بحرینی بادشاہ، ولی عہد، ڈیفنس فورسز اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈرز سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں دوطرفہ فوجی اور سکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بحرین کے بادشاہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے اعتراف میں آرمی چیف کو بحرین فرسٹ کلاس کا ملٹری میڈل سے نوازا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ انہوں نے بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ، بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر فیلڈ مارشل خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں دوطرفہ فوجی اور سکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بحرین کی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے بحرین نیشنل گارڈ کے 27ویں یوم تاسیس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔ آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی تربیتی مشق کا بھی مشاہدہ کیا۔ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے بحرین نیشنل گارڈ کو ملٹری اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ بحرین کے بادشاہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے اعتراف میں آرمی چیف کو بحرین فرسٹ کلاس کا ملٹری میڈل سے نوازا۔