لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس نے سال 2023ء میں قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیوں میں 3304گینگز گرفتارکرکے ان گینگز کے قبضہ سے2ارب9 کروڑ 61لاکھ سے زائد کی ریکوری کی ہے۔کیپیٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور بلال صدیق کمیانہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لاہور پولیس کی جانب سے قانون شکن عناصر کے خلاف کی گئی کارروائیوں کے اعداد و شمار کے مطابق 2023ء میں 3304 گینگز گرفتار کئے گئے ہیں۔ ان گینگز کے 7780ارکان کی گرفتار ی عمل میں لائی گئی جن کے خلاف 35149کیسز ٹریس ہوئے ہیں۔ لاہور پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے117کاریں،7809موٹر سائیکلیں،271دیگر وہیکلز، 6326موبائل فونز اور63لیپ ٹاپ برآمد کئے ہیں۔لاہور پولیس جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے پرعزم ہے اور صوبائی دارالحکومت کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی میں کوئی رعائیت نہیں برتی جائی گی۔