پاک بحریہ کے بحیرہ عرب میں  تین جہاز تعینات


پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں ملکی اور بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کو کڑی نگرانی میں رکھنے کیلئے تین جہاز تعینات کر دیئے۔ ترجمان کے مطابق پاک بحریہ بحیرہ عرب میں جہازوں کی مستقل موجودگی کو یقینی بنا رہی ہے تا کہ ہمارے علاقے سے گزرنے والے پاکستانی اور بین الاقوامی تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ 
پاکستان نے بحیرہ عرب میں میری ٹائم سکیورٹی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر اپنے بحری جہاز تعینات کیے ہیں۔اس حوالے سے حالیہ دنوں بھارت کا رچایا ہوا ڈرامہ بھی سامنے آیا تھا۔بھارتی نیوی کی طرف سے دعویٰ کیا گیا کہ صومالیہ کے قریب لائبیرین شپ کو بحری قذاقوں نے یرغمال بنا لیا ہے اور بھارت کے چار جہازوں نے سٹرائیک کر کے قذاقوں سے یہ جہاز چھڑوا لیا۔آزاد ذرائع سے پتہ چلا کہ یہ بھارت کی طرف سے رچایا گیا ڈرامہ تھا۔ ایسا کچھ ہوا ہی نہیں۔گو کہ بحیرہ عرب کو نو پائریسی زون قرار دیا جا چکا ہے مگر بھارت جیسا پڑوسی ہو تو پاکستان کیسے اس طرح کے واقعات سے محفوظ رہ سکتا ہے۔اسی امر کے پیش نظر پاک بحریہ کی طرف سے تجارتی راستوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے یہ جہاز تعینات کیے گئے ہیں۔پاکستان کو دفاعی حوالے سے بھی کئی چیلنجز درپیش ہیں پاکستان کا ازلی اور ابدی دشمن پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع  نہ صرف ضائع نہیں ہونے  دیتا بلکہ ایسے مواقع خود بھی وہ پیدا کر لیتا ہے۔دفاعی لحاظ سے بھی بحیرہ عرب میں ان جہازوں کی تعیناتی اہمیت کی حامل ہے۔مسلح افواج کے دفاعی سسٹم کو وسائل میں میں رہتے ہوئے ممکنہ حد تک جتنا بھی مضبوط اور مربوط کیا جا سکتا ہے وہ کرنے میں کوئی بھی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن