لاہور (خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے چین کے مسلم آبادی والے صوبے سنکیانگ میں خونریز فسادات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چینی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلمانوں کیساتھ ان کے مذہبی حقوق کے بارے میں فراخ دلی کا سلوک کیا جائے۔ سید منور حسن نے کہاہے کہ چین کے صوبہ سنکیانگ کے شہر ارومچی میں تین ہزار مسلمانوں پر اس وقت تشدد کیا گیا جب وہ یغور مسلمانوں اور ہن نسل کے باشندوں کے درمیان تصادم کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے تھے۔ سید منور حسن نے کہاکہ گو یہ چین کا اندرونی معاملہ ہے ہم صرف یہ کہنا چاہتے ہیں کہ تشدد اور سختی سے معاملات بگڑتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان واقعات کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ امریکہ مداخلت کر رہا ہے، اگر یہ صحیح ہے تو چینی حکومت ایسے حالات پیدا کرے کہ امریکہ کو مداخلت کا موقع نہ مل سکے۔