لاہور(خبر نگار) ضلعی، ٹائون و تحصیل ناظمین نے حکومت کی طرف سے بلدیاتی اداروں میں سرکاری افسران کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کے فیصلے کو غیر جمہوری، غیر آئینی، غیر قانونی، غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کے خلاف عدالت عالیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ناظمین کے درمیان اس حوالے سے گذشتہ رات گئے تک رابطے جاری تھے۔ نوائے وقت سے بات کرتے ہوئے ضلعی ناظمین میجر(ر) طاہر صادق، عبدالرحمن کانجو، سردار غلام عباس، چودھری شفاعت حسین، جاوید اخلاص، ریاض اصغر کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کی دفعہ 140 اے کے تحت بلدیاتی نظام کو صرف سیاسی افراد چلا سکتے ہیں۔ افسران کو یہ ذمہ داری سونپی ہی نہیں جا سکتی اور یہ عوام کے مفاد کے خلاف ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلعی ناظمین آج رات تک اسلام آباد میں اکٹھا ہونا شروع ہو جائیں گے اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے وہاں اجلاس منعقد کرکے فیصلے کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب سے باہر دوسرے تینوں صوبوں میں بھی ناظمین سے رابطے کئے جا رہے ہیں اور چاروں صوبوں کی ہائیکورٹوں میں حکومت کے اس فیصلے کے خلاف الگ الگ رٹ دائر کی جائے گی۔ ناظمین نے وکلاء سے مشورے شروع کر دیئے ہیں۔