مہمند ایجنسی میں اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر کے باہر خودکش دھماکے میں بائیس افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔

Jul 09, 2010 | 15:26

سفیر یاؤ جنگ
سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک موٹر سائیکل سوارخودکش حملہ آور نے مہمند ایجنسی کی  تحصیل یکہ غنڈ میں اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ رسول خان کے دفترکے باہر خود کو دھماکے سے اڑا دیا ،جس سے دفترکے باہر موجود بائیس  افراد جاں بحق اوردرجنوں زخمی ہوگئے ۔ دھماکے سے  دفتر، قریبی عمارتوں اوردکانوں کوکافی نقصان پہنچا ۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پینتیس سے زائد شدید زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ اس خود کش دھماکے میں بجلی اورٹیلی فون کا نظام درہم برہم ہوگیا ۔ دھماکے کے بعد ریسکیو اورسکیورٹی فورسز کی ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں  اور فورسز کے جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت دفتر کے باہر کافی رش تھا اور سو سے ڈیڑھ سو افراد موجود تھے ۔
مزیدخبریں