عطا آباد جھیل سے ملحقہ پہاڑ سرکنے کے باعث بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ شروع ہوگئی ہے۔ چارجنوری کو سانحہ عطاآباد کے بعد یہ اب تک کی سب سے بڑی لینڈ سلائیڈنگ ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے عطاآباد جھیل سے ملحقہ علاقوں سمیت وسطی ہنزہ تک فضا گرد آلود ہوگئی ہے۔ ہنزہ کے علاقے علی آباد سے عطاآباد جانے والی ٹریفک اور جھیل کے دونوں جانب کشتی سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔ ادھر ہنزہ کے التت کیمپ سے عطاآباد کی طرف دو روز قبل لانگ مارچ کرنے والے متاثرین کا دھرنا جھیل کے سپل وے کے قریب مسلسل تیسرے روز بھی جاری ہے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق جھیل میں پانی کا اخراج تیرہ ہزار چار سو انہتر کیوسک جبکہ پانی کی آمد تیرہ ہزار ایک سوکیوسک ہے۔