لاہور میں ینگ ڈاکٹرز کی جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر ناصر عباس نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وائی ڈی اے کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی گئی تو ڈاکٹرز مستقبل میں بھی ہڑتال کریں گے تاہم عدالتی سماعت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ہٹ دھرمی کامظاہرہ کر رہی ہے، سروس اسٹرکچر ان کا بنیادی حق ہے جس کے لیےجدوجہد جاری رہے گی۔ ڈاکٹر ناصرنے کہا کہ چارڈاکٹرزجھوٹی ایف آئی آرکے تحت قید ہیں ان کی رہائی کے لیے وہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، عدالت نے ڈاکٹروں کے خلاف انتقامی کارروائیاں روکنے کاحکم دیا ہے لیکن ابھی بھی ہسپتالوں میں پولیس تعینات ہے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے مطالبات کے حق میں اکیس روز سے ہڑتال کر رکھی تھی۔