مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کی پنتالیسویں برسی پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی جانب سے قرانی خوانی کا اہتمام کیاگیا جبکہ مقررین نے ان کی خدمات پرانہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا

نظریہ پاکستان ٹرسٹ لاہور میں مادرملت کی برسی کے موقع پرقران خوانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین مجید نظامی نے کہا کہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناح نے اپنی زندگی پاکستان اورقائداعظم کے لیے وقف کردی تھی ان کا قوم پراحسان علامہ اقبال اورقائداعظم سے کسی طورپرکم نہیں ان کا کہنا تھا کہ مادر ملت نے ایک آمرکے سامنے اس وقت کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا جب کوئی کوئی مرد بھی اس کے مقابلے پر الیکشن لڑنے کی جرات نہیں کرسکتا تھا مگر بدقسمتی سے مادر ملت کو دھاندلی سے ہرا دیا گیا۔ انہوں نے کہا ہمیں مادرملت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے کی جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی کا سب سے خوشگوار لمحہ محترمہ فاطمہ جناح سے کراچی میں ان کی ہونے والی ملاقات ہے۔
اس موقع پرنظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیرمین ڈاکٹررفیق احمدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم مادرملت کوروشنی کا مینارکہا کرتے تھے اوریہ لفظ آج تک کسی اور کیلئے استعمال نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مادرملت کا اس بات پر یقین تھا کہ خواتین کو زیورتعلیم سے آراستہ کئے بغیر پاکستان کو ترقی یافتہ بنانا ممکن نہیں
۔تقریب سے ڈاکٹرپروین خان، مہنازرفیع، ڈاکٹر ایم ۔ اے صوفی ، کرنل ریٹائرڈ اکرام اللہ اور جسٹس ریٹائرڈ محبوب احمد نے بھی خطاب کیا اورمادر ملت کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی اوران کی ناقابل فراموش خدمات پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا تقریب میں تحریک پاکستان کے کارکنوں نے بھی شرکت کی

ای پیپر دی نیشن