امریکہ‘ اسرائیل کی ملی بھگت سے مصرکی اسلامی حکومت ختم کی گئی‘ منور حسن

کراچی ( نمائندہ نوائے وقت) اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کی سالانہ تین روزہ تربیت گاہ برائے کارکنان سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن‘ امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی‘ نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سید محمد اقبال‘ امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم اسلام خان اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی وقاض اعظمی نے ہزاروں طلبہ سے خطاب کیا۔ سید منور حسن نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی  تحریکوں نے دعوت کے ذریعے پوری دنیا میں جدوجہد برپا کردی ہے امت مسلمہ کو اپنے سابقہ عروج پر جاتے دیکھنا مغربی استعمار سے برداشت نہیں ہمیشہ سے جاری اوچھے ہتھکنڈوں کو استعمال کرتے ہوئے عرب سمیت پوری دنیا کے مسلمان ممالک کو اپنی نام نہاد جمہوریت کے ذریعے نشانہ بنانے کی ناپاک جسارت کی۔ لیکن دیکھنے میں آیا ہے کہ گیدڑ کی موت آتی ہے تو وہ شہر کا رخ کرتا ہے لیکن سپرپاور کی موت آتی ہے تو وہ افغانستان کا رخ کرتا ہے۔ آج امریکہ پر واضح ہوگیا ہے کہ افغانستان میں گزارے 14 سال اسے مہنگے پڑے ہیں اور اس نے 2014 میں افغانستان سے انخلاءکا اعلان کردیا ہے یہ وہی مغربی طاغوت ہے جس کے ہاں جمہوریت سے لایا گیا سرمایہ دارانہ نظام تو قابل قبول ہے لیکن اسلامی انقلاب کی نوید دیتی اسلامی حکومت نہ پاکستان میں گوارا ہے‘ نہ مصر میں نہ ترکی میں اور نہ دنیا کے کسی اور کونے میں۔ اسرائیل اور امریکہ کی ملی بھگت سے مصر کی اسلامی حکومت پر ڈاکہ زنی ہم قبول نہیں کریں گے اور ہم سب پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ مصر میں برپا خود ساختہ انقلاب کو ہم نہیں مانتے بلکہ اخوان المسلمون کی قربانیوں اور ڈاکٹر مرسی کی دن و رات کی محنت سے برپا ہونے والے اسلامی انقلاب کی حمایت کرتے ہیں وقاص اعظمی نے کہا کہ ہمارے لئے صحابہ کرامؓ کا کردار مشعل راہ ہے جنہیں آروں سے بھی چیرا گیا اور سولیوں پر لٹکایا گیا لیکن انہوں نے دعوت کی راہ نہ چھوڑی۔ جمعیت کے کارکنان کی ذمہ داری ہے کہ دعوت دین کا کام میں سردھڑ کی بازی لگادیں اور اللہ کے دین کے نصب العین کے گرد طلبہ کو جمع کریں تربیت گاہ میں ادارہ مطبوعات طلبہ کی جانب سے اسٹال بھی لگایا گیا جس میں طلبہ کو کتابیں‘ سی ڈی ‘ اسٹیکرز اور پوسٹرز پر خصوصی ڈسکاﺅنٹ دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن