لاہور/جوہربارو (آئی اےن پی) قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول نے ورلڈ ہاکی لیگ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ ملائشیا میں ہونے والی ورلڈ ہاکی لیگ میں آٹھ ٹیمیں شریک تھیں، قومی ٹیم نے مایوس کن کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں پوزیشن حاصل کی۔ ذرائع کے مطابق ہاکی ٹیم آج وطن واپس پہنچے گی، ہیڈ کوچ اختر رسول پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاءکو اپنا استعفیٰ پیش کریں گے۔ اختر رسول نے اس سے قبل بھی مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا تاہم انہیں پی ایچ ایف کے صدر کی جانب سے ورلڈکپ تک کام کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف کوچ اختر رسول نے کہا ہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں چانسز ضائع کرنے کی وجہ سے قومی ہاکی ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں پر بہت زیادہ محنت کی گئی تھی۔ ہر میچ کے حوالے سے انہیں خصوصی پلان دیا گیا۔ میدان میں کارکردگی دکھاناکھلاڑیوں کا کام ہے۔ کوچز انہیں صرف بتاسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ٹیم مضبوط اور متوازن تھی۔ بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا تھا انہوں نے کہا کہ ہر میچ میں پاکستانی ٹیم نے کم از کم پانچ سے چھ گول ضائع کئے۔ اس صورت حال میں کوئی بھی ٹیم کامیابی حاصل نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایونٹ میں بڑی ٹیم کے خلاف ایک یا دو مواقع ملتے ہیں اس سے فائدہ نہ اٹھانے والی ٹیم کامیابی حاصل نہیں کرسکتی ہے۔ اختر رسول نے کہا کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں وکٹری اسٹینڈ پر نہ آنے کا دکھ ہے، ورلڈ کپ کے لئے اس ایونٹ سے کوالیفائی کرنے کاچانس ضائع کردیا ہے مگر مجھے امید ہے کہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت کر ہم ورلڈ کپ میں پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگست میں ہونے والا ایشیا کپ ہمارے لئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے، اس کے لئے وطن واپسی پر کام شروع کردیں گے انہوں نے کہا کہ ٹیم میں فی الحال کسی قسم کی تبدیلی کا امکان نہیں،تاہم ایشیا کپ میں صرف ان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے جو مکمل فٹ ہوں گے۔