لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈز کے درمیان میچز کے شیڈول پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، دوطرفہ سیریز اکتوبر نومبر میں امارات میں منعقد ہوگی جس کے حتمی شیڈول کا اعلان آج متوقع ہے۔ سیریز کا آغاز ٹیسٹ میچز سے جبکہ اختتام ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز پر ہوگا۔ ذرائع کے مطابق میزبان ٹیم امارات میں پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں حصہ لے گی۔ پاکستان نے آخری مرتبہ بھی جنوبی افریقہ کی میزبانی کے فرائض 2010ءمیں امارات میں ہی انجام دیئے تھے۔ پاکستان میں سکیورٹی وجوہات کی بناءپر کوئی غیرملکی ٹیم پاکستان کے دورہ پر راضی نہیں ہو رہی ہے ایسے میں پاکستان کو اپنی تمام ہوم سیریز نیوٹرل وینو پر جا کر کھیلنی پڑ رہی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان سیریز کے معاملات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ قوی امکان ہے کہ آج سیریز کا شیڈول میڈیا کو جاری کر دیا جائے گا۔
پاکستان جنوبی افریقہ میں کرکٹ سیریز کے شیڈول پر اتفاق رائے ہو گیا
Jul 09, 2013