اسلام آباد (آئی این پی) جاپان نے پاکستان میں موسم کی نگرانی کےلئے کراچی میں قائم ریڈار سسٹم کو تبدیل کرنے کیلئے 1.9 بلین ین (ایک ارب 60 کروڑ روپے) کی مالی گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں جاپان کے سفیر ہروشی انوماتا اور سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن سلیم سیٹھی نے بدھ کو ایک معاہدے پر دستخط کئے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا، 7 میں سے 4 میٹرولوجیکل ریڈار سسٹمز (اسلام آباد، کراچی، ڈیرہ اسماعیل خان، رحیم یار خان کو جاپانی گرانٹ کی مدد سے قائم کیا گیا تھا۔ کراچی کا موجودہ ریڈار سسٹم جو 1991ءمیں قائم کیا گیا تھا۔ نیا ریڈار سسٹم 450 کلومیٹر تک معلومات کی پراسیسنگ کرسکتا ہے، اس سے محکمہ موسمیات موسم کی تبدیلی کو مانیٹر کرسکے گا اور بلوچستان اور سندھ کے ساحلی علاقوں کے رہنے والے لوگوں کو بروقت اور صحیح موسم کی پیشن گوئی اور وارننگ سے آگاہ کر سکے گا، موجودہ منصوبے سے بین الاقوامی شپنگ اور جہازوں کی ٹریفک کےلئے پیشن گوئی کے نظام میں بھی بہتری آئیگی۔ جاپان کے سفیر ہروشی انوماتا نے اس موقع پر اپنے خطاب میں اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ منصوبے سے مستقبل میں قدرتی آفات سے ہونے والے لوگوں کے جانی اور مالی نقصانات کو کم کیا جا سکے گا۔
جاپان/ مالی گرانٹ
جاپان کا کراچی میں موسم کی نگرانی کے ریڈار سسٹم کو تبدیل کرنے کیلئے ایک ارب 60 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کا فیصلہ
Jul 09, 2015