لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )پاکستان نے دورہ انگلینڈ کے دوران دوسرے پریکٹس میچ میں سسیکس کے خلاف پہلے دن کھیل کے اختتام تک پانچ وکٹوں کے نقصان پر 363رنز بنا لئے ۔ٹور میچ میں سسیکس کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے 145 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ سکور انہوں نے 20 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنایا۔ دیگر بلے بازوں میں کپتان مصباح الحق 68 جبکہ یونس خان نے 59 رنز بنا کر نمایاں رہے‘پاکستانی اوپننگ بلے باز ناکام رہے ۔ شان مسعود چار جبکہ محمد حفیظ سترہ رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ یونس خان اور اظہر علی نے 125رنز کی پارنٹر شپ قائم کرکے ٹیم کو بہتر پوزیشن پر پہچا دیا۔اسد شفیق تیرہ جبکہ سرفراز احمد اکیس رنز بناکر کھیل رہے ہیں ۔ میچ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 363 رنز بنالئے ہیں جبکہ پانچ وکٹیں باقی ہیں ۔سسیکس کاؤنٹی کے فاسٹ باؤلر جوفر آرچر نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔