آزاد کشمیر، مسلم لیگ ن کے منشور کا اعلان، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سے سخت مقابلہ متوقع

لاہور (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) 21 جولائی کو ہونیوالے آزاد کشمیر انتخابات کیلئے مسلم لیگ ن نے منشور کا اعلان کر دیا جبکہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سے سخت مقابلے کی توقع کی جا ہی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر کیلئے انتخابی منشور کا اعلان کر دیا۔ انتخابی منشور کے مطابق کشمیر میں 5 سال میں 50 ارب کی سڑکیں اور میرپور مظفر آباد تک جدید ایکسپریس وے بنے گا۔ مظفر آباد راولپنڈی کے درمیان نئی ریلی کار چلائی جائے گی۔ ہر تحصیل میں جدید ہسپتال، 5 ہیلی کاپٹر اور ایمبولینس سروس فراہم کی جائے گی۔ منشور میں مذکورہ منصوبوں کے ساتھ تمام اضلاع کیلئے ترقیاتی پیکج بھی شامل ہیں۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق 21 جولائی کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں پاکستان کی تین اہم سیاسی جماعتوں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں مقابلہ ہو گا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کشمیر کی اہم سیاسی جماعت آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس عام اتخابات میں ثانوی حیثیت اختیا کر گئی ہے۔مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر کے الیکشن کی کمان اپنے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی کو سونپ رکھی ہے جبکہ وفاقی وزراء پرویز رشید، چوہدری برجیس طاہر سمیت راجہ فاروق حیدر ان کی معاونت کر رہے ہیں جبکہ انہیں سینئر سیاستدان سردار سکندر حیات کی سرپرستی بھی حاصل ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے متذکرہ بالا رہنما آج ہفتہ کو مظفرآباد میں پریس کانفرنس کریں گے جس میں مستقبل کے حوالے سے اہم اعلانات کرین گے۔ پیپلز پارٹی کی کمان بلاول بھٹو زرداری اور تحریک انصاف کی کمان عمران خان کے ہاتھ میں ہے۔ بلاول بھٹو زرداری 14 جولائی کو راولا کوٹ اور 16 جولائی کومظفرآباد میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن