پاکستان اور جرمنی کا پارلیمانی تعلقات کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) جرمنی کے دورے پر گئے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے برلن میں جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کرتے ہوئے پاکستان اور جرمنی کے مابین دوستانہ تعلقات پر اعتماد کا اظہار کیا۔ جرمنی سے موصولہ پیغام کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لئے دونوں ملکوں کے عوام کے مابین براہ راست تعلقات کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر علاقوں کی طرح پاکستان میں بھی دہشت گردی اور انتہا پسندی دو بڑے چیلنجز ہیں جن سے نمٹنے کے لئے عالمی برادری کو مل جل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔ جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے کہا کہ پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے اور جرمنی پاکستان کو ایک مستحکم اور خوشحال ملک کے طور پر دیکھنے کا خواہاں ہے جس کے لئے پاکستان اور دونوں ممالک کے مابین تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ جرمن چانسلر نے دونوں ممالک کے عوام کے مابین تعلقات کو بڑھانے کے لئے دونوں ملکوں کی پارلیمان کے درمیان تعاون میں اضافہ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ای پیپر دی نیشن