لاہور +جدہ(خصوصی نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف، زرداری اور مشرف حکومتوں کا آڈٹ ہوجائے تو پاکستان کرپشن فری ملک بن سکتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ احتساب کا آغاز نواز شریف سے ہو مگر پھر یہ رکے نہیں، زرداری اور میرے سمیت سب کا احتساب ہونا چاہئے۔ عوام کے منہ سے لقمہ چھیننے والے پانچ چھ ہزار کرپٹ لوگوں کی قربانی دینا پڑے گی۔ سیاسی جماعتیں اپنے اندر احتساب کا نظام مضبوط بنائیں، مدینہ منورہ میں دھماکوں سے ہر مسلمان کادل زخمی اور پورا عالم اسلام دکھی ہے۔ ایسے لگا جیسے کسی نے دل میں چھرا گھونپ دیا ہو۔ انتشار کے شکار عالم اسلام پر دشمن قوتوں نے متحد ہوکر جنگ مسلط کررکھی ہے۔ امت کے تحفظ کیلئے عالم اسلام کو بھی متحد ہونا اور مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ او آئی سی مردہ گھوڑا ہے جس پر تکیہ نہیں کیا جاسکتا۔ حرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری تمام اسلامی ممالک کی ہے۔ امید ہے سعودی حکمران دہشت گردی کو کچلنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے 15روزہ دورہ سے واپسی پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر عبدالغفار عزیز بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کو جڑوں سے ختم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ آئندہ انتخابات سے قبل ایک کڑا اور بے رحم احتساب ہو ورنہ بار بار اقتدار میں رہنے والا کرپٹ ٹولہ ایک بار پھر اپنی دولت کے بل بوتے پر اقتدار کے ایوانوں میں جابیٹھے گا۔ الیکشن کمشن کو مضبوط، با اختیار اور اس کی کارکردگی بہتر بنانی چاہئے۔ جماعت اسلامی 24جولائی کو راولپنڈی میں کرپشن کے خلا ف پیدل مارچ کرے گی۔ قبل ازیں جدہ میں پاکستان جرنلسٹس فورم سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ پر حملہ کرنا مسلمانوں کے دل پر نشتر لگانا ہے، مذمت جیسے الفاظ اس کے لئے کم ہیں۔ یونائٹڈ نیشن کی طرز پر امت مسلمہ کا اپنا ایک ادارہ وقت کی اشد ضرورت ہے۔ نظریاتی کرپشن کی وجہ سے ہم ایک قوم نہیں بن سکے۔ الیکشن سے پہلے کرپشن کا خاتمہ ہونا چاہئے۔