اسلام آباد + کاغان (خبرنگار + نوائے وقت رپورٹ) وزارت پٹرولیم کی ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے عید کی چھٹیوںمیں پٹرول پمپوں میں پٹرول کی کمی پیدا ہوگئی ہے۔ ملک کے اکثر جبکہ شمالی علاقوںمیں پٹرول پمپوںمیں پٹرول ختم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات پیش ہیں۔ کاغان اور ناران میں پٹرول 500 روپے لٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔ دوسری طرف پی ایس او کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمی پوری کرنے کے لئے پٹرول کی دن رات ترسیل شروع کردی گئی ہے، ملک میں پٹرول کی کمی نہیں 20دن کے لئے سٹاک موجود ہے جبکہ چند دنوںمیں 50ہزار ٹن پٹرول کراچی پہنچ رہا ہے۔ موجودہ کمی عارضی ہے جوکہ اگلے چند دنوں میں نارمل پوزیشن میں آجائے گی۔ دوسری طرف عید کی وجہ سے وادی کاغان میں سیاحوں کا اتنا زیادہ رش ہے کہ ہوٹلوں میں جگہ ختم ہو گئی۔ ایک سیاح کا کہنا ہے کہ ہوٹل مالکان منہ مانگے کرائے وصول کر رہے ہیں۔