عبدالستارایدھی کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد قومی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا

Jul 09, 2016 | 15:55

ویب ڈیسک

عبدالستار ایدھی کی میت کو ان کے گھر میٹھا در سے نیول پولیس کے دستے نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے تمام تر انتظامات پاک فوج کے نگرانی میں مکمل کئے گئے۔ نمازجنازہ میں صدر ممنون حسین،سینٹ کے چیئرمین رضا ربانی، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ، گورنر سندھ عشرت العباد، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ایئرچیف سہیل امان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈ مرل ذکا اللہ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ، کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار،ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور اعلی سول اور فوجی حکام سمیت عوام کے جم غفیر نے شرکت کی۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے عبدالستار ایدھی کا آخری دیدار کیا۔ مولانا احمد خان نیازی نے نماز جنازہ پڑھائی۔
عبد الستار ایدھی کے تابوت کو قومی پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔ نماز جنازہ کے بعد عبدالستارایدھی کو فوج کے دستے نے گارڈ آف آنرپیش کیا اور توپوں کی سلامی پیش کی.
عبدالستار ایدھی کی میت کو نیول پولیس کے دستے نے تدفین کیلئے ایدھی ویلیج منتقل کیا۔ میت کے ایدھی ویلیج پہنچنے پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی ایدھی ویلیج امڈ آئی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ شہری زاروقطار روتے رہے۔ چھ دہائیوں سے زائد انسانیت کیلئے مسیحا کا کردار ادا کرنے والی عظیم شخصیت کو ان کی وصیت کے مطابق پچیس سال قبل بنائی گئی قبر میں دفن کردیا گیا.

مزیدخبریں