امریکا کا شام کے بارے میں موقف اب زیادہ حقیقت پسندانہ ہے:صدر پوتین

روسی صدر ولادی میر پوتین نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں امریکا کا شام میں جاری خانہ جنگی کے بارے میں موقف اب زیادہ مثبت اور حقیقت پسندانہ ہوگیا ہے۔روسی صدر نے جرمن شہر ہیمبرگ میں جی 20سربراہ اجلاس کے موقع پر امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنی پہلی بالمشافہ ملاقات کے ایک روز بعد کہا ہے کہ مجھے بظاہر یہ لگتا ہے کہ امریکا کا شام کے بارے میں موقف زیادہ حقیقت پسندانہ ہوگیا ہے۔اب یہ مفاہمت پائی جاتی ہے کہ اگر ہم اپنی کوششوں کو مربوط بنائیں تو ہم بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔انھوں نے امریکی صدر سے اپنی پہلی ملاقات کے بعد اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ امریکا اور روس کے درمیان تعاون میں بہتری آئے گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی حقیقی زندگی میں بہت ہی مختلف ہیں۔انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ جس ٹرمپ کو ٹی وی پر دیکھتے ہیں ،وہ حقیقی ٹرمپ سے بہت مختلف ہے۔یہ یقین کرنے کا ہر جواز موجود ہے کہ ہم کم سے کم ضرورت کے مطابق جزوی طور پر تعاون کو بحال کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔روسی صدر نے کہا کہ ان کی بات چیت میں ایک بہت اہم موضوع موسمیاتی تبدیلی تھا اور یہاں جرمن کی صدارت میں ایک مفاہمتی سمجھوتے تک پہنچے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن