عالمی کپ فٹبال کازان تین ٹاپ ٹیموں کا قبرستان ثابت ہوا

کراچی(اسپورٹس رپورٹر) عالمی کپ 2018ء کے سلسلے میں روس کا خوبصورت شہر کازان کا خوبصورت اسٹیڈیم تین ٹاپ فیورٹ ٹیموں کا قبرستان ثابت ہوا۔45 ہزار شائقین کی گنجائش کے اس اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر 6 میچز کی میزبانی کی لیگ کے سلسلے میں4 میچز کھیلے گئے رائونڈ آف 16 کا ایک میچ اور ایک کوارٹر کھیلا گیا اس فیلڈ پر دفاعی چیمپئن جرمنی فیورٹ برازیل اور2 بار کی چیمپئن ارجنٹینا کو شکست ہوئی۔ کازان شہر روسی ریاست تاتارستان کا دارالحکومت ہے جو ماسکو سے 825 کلو میٹر کے فاصلہ پر آباد ہے۔ اس ریاست کا قومی نشان چیتا ہے۔ اس شہر کا تعلق روس کے اہم اسپورٹس مراکز میں ہوتا ہے جہاں2013ء کے بعد یونیورسٹی اولمپک اور2015ء کے فینا ورلڈ ایکوٹک کے مقابلے ہوچکے ہیں۔کازان اسٹیڈیم میں سب سے بڑا اپ سیٹ میچ بیلجیئم کے ہاتھوں پانچ بار کی چیمپئن ٹیم برازیل کی شکست ہے۔ کوارٹر فائنل میں بیلجیئم نے ٹاپ فیورٹ برازیل کو2-1 گول سے شکست د یکر واپسی کا ٹکٹ تھمادیا۔ اس سے قبل رائونڈ آف 16 میں فرانس نے 2 بار کی چیمپئن میسی الیون ارجنٹینا کو4-3 گول سے اپ سیٹ کرکے عالمی کپ سے آئوٹ کیا جبکہ لیگ مرحلے میں اسپین نے ایران کو صفر ایک گول سے شکست دی۔ فرانس نے آسٹریلیا کو قابو کیا جبکہ عالمی کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ اس شہر کے حصہ میں آیا جب گروپ ایف کے ایک دلچسپ مقابلے میں جنوبی کوریا نے عالمی چیمپئن جرمن کو2-0 گول سے شکست دیکر ٹورنامنٹ سے آئوٹ کیا جبکہ لیگ کے چوتھے میچ میں کولمبیا نے اپنے سے طاقتور ٹیم پولینڈ کو3-0 گول سے مات دی۔ اس اسٹیڈیم کو2017ء فیفا کنفیڈریشن کے میچز کی میزبانی کا بھی اعزاز ملا۔

ای پیپر دی نیشن