ومبلڈن اوپن ، اینجلیق کربر اور ڈومنیکا سیبل ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

لندن(آئی این پی)اینجلیق کربر اور ڈومنیکا سیبل کووا فتوحات برقرار رکھتے ہوئے سال کے تیسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔لندن میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز تیسرے رائونڈ میچز میں جرمن سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک اینجلیق کربر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف جاپانی کھلاڑی نومی اوساکا کو 6-2 اور 6-4 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، ایک اور میچ میں سلواکین کھلاڑی ڈومنیکا سیبل کووا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف بیلجیئم کی کھلاڑی ایلیز مرٹنزکو 6-2 اور 6-2 سے زیر کر کے پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ دوسری جانب ویمنز ڈبلز دوسرے رائونڈ میچ میں جمہوریہ چیک کی لوسی سفارووا اور ان کی امریکن جوڑی دار بیتھانی میٹک سینڈز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ایستونین کھلاڑی کایا کنیپی اور ان کی جرمن جوڑی دار اینڈریا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-4 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ مینز ڈبلز لاسٹ 32 رائونڈ میچ میں برطانوی کھلاڑی جمی مرے اور ان کے برازیلین جوڑی دار برونو سوریز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے امریکہ کے فرٹز اور ان کے آسٹریلوی جوڑی دار میتھیو ایبڈن کو زبردست مقابلے کے بعد 7-5، 6-3 اور 6-1 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

ای پیپر دی نیشن