مقبوضہ کشمیر: برہاروانی کی دوسری برسی پر ہڑتال، کرفیونافذ، حریت قیادت نظربند

Jul 09, 2018

سری نگر، مظفر آباد (کے پی آئی + نیٹ نیوز + اے این این) لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف اتوار کو شہید کمانڈربرہان مظفر وانی کی دوسری برسی انتہائی عقیدت و احترام اور اس عزم کے ساتھ منائی گئی کہ حصول آزادی تک کشمیری عوام جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ برسی پر مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی ہڑتال سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا زبردست مظاہرے کیے گئے جبکہ آزاد کشمیر میں بھی خصوصی تقریبات اور اجتماعات ہوئے۔عسکری تنظیم حزب المجاہدین کے کمانڈر ممتاز حریت پسند نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کو بھارتی فوج نے8 جولائی 2016 کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے قصبے ترال میں شہید کیا تھا۔ برسی پر مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیلی کیا گیا وہیں ترال میں ایک روز قبل ہی سخت کرفیو نافذکیا گیا اورترال میں انتظامیہ نے دو روز قبل ہی تمام تعلیمی اداروں کو بند کیا۔حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی دوسری برسی کے موقع پر ہندووں کی امرناتھ یاترا کو اتوار کو ایک دن کیلئے روک دیا گیا ہے۔ کئی مقامات پر انٹرنیٹ سروسز بھی بند کردی گئی ہیں۔ حریت قائدین علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد اشرف صحرائی، آغا حسن الموسوی الصفوی، بلال صدیقی ،محمدیوسف نقاش،عمر عادل ڈارنظر بند رہے۔ ترال میں اتوار کو سخت کرفیو کا نفاذ عمل میںلایا گیاکسی کو بھی قصبے کے اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ علی گیلانی ،ڈاکٹر میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے برسی کے موقع پر ترال میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم بھارتی فورسز نے کرفیو لگا کر اور طاقت کا استعمال کر کے جلسے کے انعقاد روک دیا۔ سری نگرشہر کے حساس علاقوں میں دوسرے روز بھی پابندیاں عائد رہیں جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح سے درہم برہم ہوکر رہ گئے۔ پائین شہر میں ایک مرتبہ پھر کرفیو جیسی بندشیں عائد کی گئی تھی جبکہ حساس علاقوں میں اضافی فورسز اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت بشمول سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کشمیریوں کی نسل کشی کی مہم کیخلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم کشمیریوں کے مقدس خون سے سرزمین کشمیر کو لالہ زار بنانے کا عمل جاری ہے ، نہتے شہریوں کابے دردی سے خون بہایا جارہا ہے۔ ایسا محسوس کیا جارہا ہے کہ قابض فورسز کوحکومت ہند کی جانب سے گرین سگنل ملا ہوا ہے کہ وہ بلا خوف و خطر اور کسی بھی قسم کی جواب دہی کے تصور سے بالا تر ہوکرعسکریت پسندوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ سرکاری جارحیت اور ظلم و جبر کیخلاف آواز بلند کرنے والے معصوم کشمیریوںکو بھی سبق سکھانے کیلئے چن چن کر انہیں صفحہ ہستی سے مٹا دیں۔ حریت کانفرنس ،لبریشن فرنٹ ،تحریک حریت،پیپلز لیگ، اتحاد المسلمین اورتحریک کشمیر نے معروف عسکری کمانڈربرہان وانی ، اس کے ساتھیوں اور2016 کی ایجی ٹیشن کے دوران فورسز کے ہاتھوں جاں بحق کئے گئے افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہماری اجتماعی یاد اور سوچ میں اس طرح پیوست ہوچکی ہیں جنہیں کسی بھی قیمت پر ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ ترجمان نے کہا کہ نہتے اور معصوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی جارحیت کی حدیں تجاوز کرچکا ہے اور اقوام عالم پر لازم ہے کہ وہ اس سرکاری دہشت گردی کے سلسلے کو روک کر نہتے اور معصوم لوگوں کی زندگیاں اور مستقبل محفوظ بنانے کی سعی کریں۔ کولگام میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والی بچی سمیت تینوں شہداء کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپوں مں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
کشمیر

مزیدخبریں