ہارون آباد/ فورٹ عباس (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف 13جولائی کو وطن واپس آ رہے ہیں حالانکہ ان کی اہلیہ اور میری بھابھی کلثوم نواز زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں، نواز شریف قوم کا محسن ہے اس نے بل کلنٹن کی 5ارب ڈالر کی امداد کو ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کئے، قوم کو سی پیک کا تحفہ دیا، ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کر دیئے، کراچی سمیت ملک بھر میں امن و امان قائم کیا۔ احتساب عدالت نے بھی کہہ دیا کہ نواز شریف نے کوئی کرپشن نہیں کی ہے اس کے باوجود سزا دے دی گئی ہے۔ وہ گزشتہ شب ہارون آ باد میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے، جلسہ گاہ پہنچنے پر مقامی قیادت نے محمد شہباز شریف کا شاندار استقبال کیا۔ کارکنان نے شیر آ یا شیر آیا اور وزیر اعظم شہباز شریف کے فلگ شگاف نعرے لگائے، جلسے کے آغاز میں ہارون آباد اور بہاولنگر میں شہباز شریف دور میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات پر مبنی دستاویزی فلم دکھا ئی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میں ہارون آباد اور ہارون آباد کی عوام کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں، جب میں لاہور سے روانہ ہو رہا تھا تو جہاز کے پائلٹ نے کہا کہ خطرے کا الارم بجا ہے جہاز نہیں اڑ سکتا، لیکن میں نے ہارون آباد والوں سے وعدہ کیا تھا کہ میں آو¿ں گا چاہے مجھے سائیکل پر یا پیدل ہی کیوں نہ آنا پڑے اور آج میں آ گیا ہوں، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اندر دس سال میں جتنی ترقی ہوئی ہے اس کی ستر سال میں کوئی مثال نہیں ملتی، دانش سکولوں نے بے سہاروں کو سہارا دیا ہے، کئی سو ارب کی سرمایہ کاری کروائی گئی، انڈومنٹ فنڈز سے بچے اور بچیوں نے فائدہ اٹھایا ہے، بہاولپور میں امراض دل کا بہترین ہسپتال بنایا ہے، پکیاں سڑکاں تے سوکھے پینڈے بنائے، خانیوال سے لودھراں تک سڑک بنوائی، جنوبی پنجاب کو وسطی پنجاب کے برابر لانا چاہتے ہیں، ہاروں آباد کو ہر سال فنڈز دیے گئے لیکن جن لوگوں نے فنڈز لیے وہ ہمیں چھوڑ کر بھاگ گئے، لوٹوں کو بیت الخلا لیجانا ہو گا وہی ان کی اصل جگہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اب پانی کا مسئلہ حل کریں گے اپنے کپڑے بھی بیچنے پڑے تو بیچیں گے چولستان میں پانی لائیں گے، بھاشا ڈیم بنانے میں 12ارب ڈالر خرچ ہوں گے لیکن بھاشا ڈیم بنائیں گے چاہے اپنا پیٹ کاٹنا پڑے، اگر بھارت اپنے چولستان کو سر سبز کر سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں؟ ہم بھی کریں گے، اور سب سے پہلے پانی بہاولنگر میں لائیں گے۔ یہ قوم جھوٹے خان کے دھوکے میں نہیں آئے گی،جھوٹا خان جو قوم سے جھوٹ بولے اس کو کیسے وزیراعظم بنایا جاسکتا ہے، شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ خیبر پختونخواہ ہی نہیں پورے ملک کو بجلی دیں گے، ملک تو کیا وہ کے پی کے کو ہی سکھ نہیں دے سکا، پشاور میں بس تو نہ لا سکا لیکن عوام کی بس کروا دی، اب سب سے بڑی عوام کی عدالت 25جولائی کو حق اور سچ کا فیصلہ سنا کر یہ ثابت کر دے گی کہ قوم خدمت کرنے والوں کے ساتھ ہے نا کہ جھوٹے الزام اور دھرنے دینے والوں کے ساتھ ہے۔ نیب کا فیصلہ نہیں مانتے، عوام نے نواز شریف کو صادق اور امین قرار دیدیا ہے۔ این این آئی کے مطابق شہباز شریف کل 10جولائی کو سرگودھا جائیں گے۔ وہ تحصیل بھلوال میں انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کا لاہور ائیر پورٹ پر والہانہ استقبال کیا جائے گا اور پارٹی ٹکٹ ہولڈر اپنے کارکنان کو لے کر لاہور پہنچیںگے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیرصدارت ماڈل ٹا¶ن میں اہم اجلاس ہوا جس میں احسن اقبال، سعد رفیق ،ایاز صادق اور حمزہ شہباز سمیت دیگر اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد کی صورتحال اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جمعہ کو پاکستان میں واپسی پر غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا تمام پارٹی ٹکٹ ہولڈرز بھاری تعداد میں اپنے کارکنان کو لے کر لاہور پہنچیں تاکہ نواز شریف اور مریم نواز کا لاہور ائیر پورٹ پر والہانہ استقبال کیا جاسکے اور اگرحکومت کی جانب سے ممکنہ طور پرراستے بند کئے گئے تو اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ شہباز شریف نے اجلاس کے بعد صحافیوں کو پریس کانفرنس کے لئے ماڈل ٹا¶ن میں طلب کررکھا تھا لیکن اچانک لندن سے نئی ہدایات کے انتظار کے باعث پریس کانفرنس کو ملتوی کردیا گیا ۔
شہبازشریف‘ اجلاس
احتساب عدالت نے کہا نوازشریف نے کرپشن نہیں کی پھر بھی سزا دی گئی : شہبازشریف
Jul 09, 2018